بی زیڈ پولیس کا چھاپہ، شدا گینگ کے 2 ملزم گرفتار
ساڑھے تین لاکھ مالیت کا مسروقہ سامان برآمد، 17 مقدمات ٹریس
ملتان (کرائم رپورٹر)تھانہ بی زیڈ پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے بدنام زمانہ ‘‘شہزاد عرف شدا گینگ’’ کے سرغنہ سمیت دو ملزموں کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے ملزموں کے قبضے سے ساڑھے تین لاکھ روپے سے زائد مالیت کا مسروقہ سامان برآمد کر لیا، جس میں ایک موٹر سائیکل اور نقدی شامل ہے ، جبکہ 17 مقدمات بھی ٹریس کر لئے گئے ۔گرفتار ملزموں میں شہزاد عرف شدا اور کاشف ولد مشتاق شامل ہیں دونوں جہانگیر آبادکے رہائشی ہیں۔ ایس ایچ او تھانہ بی زیڈ محمد انظر نے اسسٹنٹ سب انسپکٹر اصغر اکبر اور دیگر پولیس ٹیم کے ہمراہ کامیاب کارروائی کرتے ہوئے ملزموں کو گرفتار کیا۔پولیس کے مطابق گرفتار ملزموں سے مزید تفتیش جاری ہے اور اہم انکشافات متوقع ہیں۔