لیاقت پور میں تاجر پر تشدد، تاجر اتحاد کا شدید احتجاج

لیاقت پور میں تاجر پر تشدد، تاجر اتحاد کا شدید احتجاج

مطالبات منظور نہ ہوئے تو پنجاب میں شٹر ڈاؤن، ہڑتال اور احتجاج کی دھمکی

ملتان (لیڈی رپورٹر)قومی تاجر اتحاد پاکستان نے لیاقت پور میں تاجر اختر شاہ پر مبینہ تشدد کے واقعہ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے ذمہ دار اہلکاروں کو فوری برطرف کرنے اور ان کے خلاف محکمانہ کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔ مرکزی صدر سلطان محمود ملک نے خبردار کیا ہے کہ تاجروں پر مبینہ تشدد کا سلسلہ نہ روکا گیا تو احتجاج کا دائرہ پنجاب بھر میں وسیع کیا جائے گا اور شٹر ڈاؤن، ہڑتال سمیت تمام آئینی و جمہوری راستے اختیار کیے جائیں گے ۔مظاہرے کی قیادت کرتے ہوئے سلطان محمود ملک نے کہا کہ تاجروں کے ساتھ مبینہ زیادتیوں میں مسلسل اضافہ ناقابل برداشت ہو چکا ہے ۔ تاجر برادری قانون نافذ کرنے والے اداروں کا احترام کرتی ہے ، تاہم کسی کو تاجروں کی عزت نفس مجروح کرنے یا انہیں مبینہ تشدد کا نشانہ بنانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اختر شاہ کے ساتھ پیش آنے والے واقعہ کا فوری نوٹس لے کر غیرجانبدارانہ تحقیقات کرائی جائیں، ملوث اہلکاروں کو عہدوں سے ہٹایا جائے اور متاثرہ تاجر کو انصاف فراہم کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ قومی تاجر اتحاد پاکستان تاجر برادری کے تحفظ کے لیے ہر آئینی و قانونی فورم پر آواز بلند کرے گا۔ 

مطالبات پر فوری توجہ نہ دی گئی تو پنجاب کے مختلف شہروں میں احتجاجی تحریک شروع کی جائے گی۔ مسائل کا حل طاقت کے استعمال کے بجائے قانون کے مطابق کارروائی اور مؤثر رابطے میں ہے ۔ حکومت فوری مداخلت کرکے کشیدگی ختم کرے ۔مظاہرے میں ملک اکرم سگو، ملک مقبول کھوکھر، ملک اقبال جاوید، محمد یعقوب مغل، ظفر اقبال، شیخ عتیق الرحمن اور ملک امجد سیال سمیت دیگر تاجر رہنماؤں نے شرکت کی۔ شرکاء نے مطالبہ کیا کہ قصورواروں کا تعین کرکے کارروائی کی جائے اور آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام یقینی بنائی جائے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...