جدید میٹرنگ سسٹم،44ہزار نئے بجلی میٹرز جاری

جدید میٹرنگ سسٹم،44ہزار نئے بجلی میٹرز جاری

نئے اے ایم آئی میٹرز مقررہ طریقہ کار کے تحت خراب میٹروں کی جگہ نصب

ملتان (خصوصی رپورٹر)ملتان الیکٹرک پاور کمپنی (میپکو)نے صارفین کے خراب بجلی میٹروں کی بروقت تبدیلی اور میٹرنگ نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے آپریشن سرکلوں میں مجموعی طور پر 44 ہزار 154 سنگل فیز اے ایم آئی، سمارٹ اور سٹیٹک میٹرز جاری کردیئے ہیں۔ ڈائریکٹر میٹریل مینجمنٹ میپکو ملک جاوید اقبال کی جانب سے جاری الاٹمنٹ آرڈر کے مطابق مختلف سرکلوں کو 38 ہزار 227 اے ایم آئی/سمارٹ میٹرز جبکہ 5 ہزار 927 سٹیٹک میٹرز فراہم کئے گئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق ملتان سرکل کو 8 ہزار 405، ڈیرہ غازی خان کو 3 ہزار 500، وہاڑی کو 4 ہزار 141، بہاولپور کو 3 ہزار 769، ساہیوال کو 9 ہزار 330، رحیم یار خان کو 6 ہزار 11، بہاولنگر کو 4 ہزار 547 اور خانیوال سرکل کو 4 ہزار 451 میٹرز مختص کئے گئے ہیں۔میپکو حکام کے مطابق مذکورہ میٹرز سی پی 90 کے جولائی 2026 کے دوران خراب ہونے والے میٹروں کے متبادل کے طور پر استعمال کئے جائیں گے۔ سپرنٹنڈنگ انجینئرز، ایگزیکٹو انجینئرز اور دیگر متعلقہ افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ الاٹ کئے گئے اے ایم آئی میٹرز مقررہ طریقہ کار کے تحت صارفین کے خراب میٹروں کی جگہ نصب کئے جائیں۔حکام کو مزید ہدایت کی گئی ہے کہ نئے نصب کئے جانے والے اے ایم آئی میٹروں کی ایم ڈی ایم سسٹم پر ایکٹیویشن یقینی بنائی جائے اور میٹروں کی تبدیلی و ایکٹیویشن کی رپورٹ میپکو ہیڈ کوارٹر بھجوائی جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...