فوڈ اتھارٹی کی کارروائیاں، سینکڑوں کلو مضر صحت اشیا تلف بھاری جرمانے
2ہزار 392فوڈ پوائنٹس کا معائنہ، 8یونٹس کی پروڈکشن بند، 5من مضرِ صحت گوشت اور 42درجن خراب انڈے ضائع کئے گئے
ملتان (لیڈی رپورٹر)ڈائریکٹر جنرل فوڈ اتھارٹی راجہ منصور احمد کی خصوصی ہدایات پر عوام کو محفوظ، معیاری اور ملاوٹ سے پاک خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے پنجاب فوڈ اتھارٹی خانیوال کی ضلع بھر میں بھرپور کارروائیاں جاری ہیں۔ فوڈ سیفٹی قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانے اور خوراک کے معیار کو برقرار رکھنے کے لیے ماہِ اکتوبر کے دوران کی جانے والی کارروائیوں کی تفصیلی ماہانہ کارکردگی رپورٹ جاری کر دی گئی۔ترجمان فوڈ اتھارٹی کے مطابق اکتوبر میں فوڈ سیفٹی ٹیموں نے ضلع بھر میں 2 ہزار 392 فوڈ پوائنٹس کو چیکنگ کیا جبکہ خلاف ورزیوں پر 1 ہزار 304 فوڈ پوائنٹس کو اصلاحی نوٹسز جاری کیے ۔ فوڈ سیفٹی ٹیموں نے سنگین خلاف ورزیوں پر 5 مقدمات درج کروائے اور قوانین کی مسلسل خلاف ورزی پر 8 فوڈ یونٹس کی اصلاح تک پروڈکشن بند کر دی گئی۔حفظانِ صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی اور ناقص انتظامات پر 200 فوڈ بزنس مالکان کو بھاری جرمانے عائد کیے گئے ۔ کارروائیوں کے دوران 540 کلو بدبودار اور فنگس زدہ اچار، 5 من مضرِ صحت گوشت اور 42 درجن خراب انڈے تلف کر دیے گئے ۔اس حوالے سے ڈائریکٹر جنرل فوڈ اتھارٹی راجہ منصور احمد نے کہا کہ عوام تک محفوظ خوراک کی فراہمی کے لیے خوراک کی تیاری سے ترسیل تک تمام مراحل کی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے ۔ ملاوٹ اور ناقص خوراک کا کاروبار کرنے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ شہریوں کی صحت کا تحفظ اولین ترجیح ہے اور اس ضمن میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments