اساتذہ کی طویل چھٹیوں پر محکمہ تعلیم کا سخت کریک ڈاؤن
89 روز سے زائد چھٹی لینے والے اساتذہ کی خدمات سی ای اوز کے سپرد
ملتان (خصوصی رپورٹر)محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب نے صوبے بھر کے سرکاری سکولوں میں تعلیمی سرگرمیوں کے تسلسل کو یقینی بنانے کے لئے اساتذہ اور ہیڈ ٹیچرز کی طویل چھٹیوں سے متعلق سخت ہدایات جاری کر دی ہیں۔جاری کردہ مراسلے کے مطابق مشاہدے میں آیا ہے کہ اساتذہ اور ہیڈ ٹیچرز کی جانب سے 89 روز سے زائد چھٹیاں، خصوصاً رخصت قبل از ریٹائرمنٹ (ایل پی آر)لینے کے باعث تعلیمی سرگرمیاں متاثر اور انتظامی مسائل پیدا ہو رہے ہیں۔محکمہ کے مطابق آئین پاکستان کے آرٹیکل 25-اے کے تحت تعلیمی سرگرمیوں کے بلا تعطل تسلسل، تدریسی عملے کے مؤثر استعمال اور انتظامی نظم و ضبط کو یقینی بنانے کے لئے اب بیک وقت 15 روز سے زائد چھٹی کی درخواستوں کی حوصلہ شکنی کی جائے گی، تاہم ٹھوس اور جائز وجوہات کی بنیاد پر استثنا دیا جا سکے گا۔نئی ہدایات کے تحت 89 روز سے زائد چھٹی لینے والے اساتذہ، بشمول ایل پی آر پر جانے والوں، کی خدمات متعلقہ چیف ایگزیکٹو آفیسر (ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی) یا محکمہ کے ڈسپوزل پر رکھ دی جائیں گی۔ زچگی اور عدت کی چھٹیاں اس فیصلے سے مستثنیٰ ہوں گی۔
ایسے اساتذہ کو ایس آئی ایس پورٹل پر ‘‘Awaiting Posting’’ ظاہر کیا جائے گا اور انہیں نئی تعیناتی کے لئے درخواست دینا ہوگی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments