تھل جیپ ریلی، تونسہ بیراج پر ڈرائیورز کانفرنس، میوزیکل نائٹ
ٹرافیز کی رونمائی، آتش بازی ، تفریحی سرگرمیوں نے تقریب کو یادگار بنا دیا
کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار) 11ویں تھل جیپ ریلی کے سلسلے میں ٹی ڈی سی پی ریزورٹ تونسہ بیراج پر ڈرائیورز اور نیویگیٹرز کانفرنس سمیت میوزیکل نائٹ کا انعقاد کیا گیا، جس میں ملک بھر سے نامور جیپ ریسرز، شخصیات اور شائقین نے شرکت کی۔تقریب کے مہمانان خصوصی کمشنر ڈیرہ غازی خان اشفاق احمد چودھری اور ریجنل پولیس آفیسر محمد اظہر اکرام تھے جبکہ ڈپٹی کمشنر کوٹ ادو محمد جواد حیدر شاہ، ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان بلال سلیم اور ڈی پی او کوٹ ادو منصور قمر بھی موجود تھے ۔ جنرل منیجر ٹی ڈی سی پی فرحت حسین فاروق سمیت دیگر شخصیات نے بھی شرکت کی۔تقریب میں نامور جیپ ریسرز میر نادر مگسی، صاحبزادہ سلطان محمد علی، رونی پٹیل، آصف فضل چوہدری، فیصل شادی خیل، زین محمود، گوہر سنگھی، منصور حلیم، تشنا پٹیل، خاتون ڈرائیور سلمیٰ خان اور دینا پٹیل سمیت دیگر ریسرز شریک ہوئے ۔اس موقع پر میوزیکل نائٹ اور مختلف تفریحی سرگرمیوں کا اہتمام کیا گیا، جن سے شرکاء اور شہریوں نے بھرپور لطف اٹھایا۔ تھل جیپ ریلی میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے کامیاب ریسرز کو دی جانے والی ٹرافیز کی بھی رونمائی کی گئی۔ تقریب کے دوران شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا، جس سے رات کا آسمان رنگ و نور سے جگمگا اٹھا۔ملک بھر سے ریسرز کی شرکت، ڈرائیورز و نیویگیٹرز کانفرنس، میوزیکل نائٹ اور آتش بازی نے افتتاحی تقریبات کو یادگار بنا دیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments