وہاڑی :مبینہ غیرقانونی سٹینڈز پر پارکنگ فیس کی وصولی

 وہاڑی :مبینہ غیرقانونی سٹینڈز پر پارکنگ فیس کی وصولی

کئی مقامات پر سٹینڈز بن گئے ، عملہ بدتمیزی بھی کرتا ہے کارروائی کی جائے : شہری

وہاڑی (نمائندہ خصوصی ) وہاڑی شہر کے مختلف علاقوں، بازاروں، اہم شاہراہوں اور سرکاری دفاتر کے اطراف مبینہ غیرقانونی اور غیرمنظور شدہ موٹرسائیکل اسٹینڈز قائم کرکے شہریوں سے پارکنگ فیس وصول کیے جانے کی شکایات سامنے آئی ہیں۔ شہریوں کے مطابق متعدد مقامات پر سٹینڈز کی قانونی منظوری، ٹھیکے اور فیس وصولی کے اختیار سے متعلق کوئی واضح معلومات فراہم نہیں کی جاتیں، جبکہ موٹرسائیکل کھڑی کرنے کے عوض رقم ادا کرنے پر مجبور کیا جاتا ہے ۔ متاثرہ افراد کا کہنا ہے کہ قانونی اجازت نامہ یا سرکاری منظوری دکھانے کا مطالبہ کرنے پر بعض سٹینڈز کا عملہ مبینہ طور پر بدتمیزی، گالم گلوچ اور ہاتھا پائی پر اتر آتا ہے، جس سے شہریوں میں تشویش پائی جاتی ہے۔

شہری حلقوں نے ضلعی انتظامیہ کی مؤثر نگرانی نہ ہونے پر سوالات اٹھاتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ شہر بھر کے موٹرسائیکل اسٹینڈز کا فوری سروے کرایا جائے۔ غیرمنظور شدہ اسٹینڈز کے خلاف کارروائی کی جائے اور منظور شدہ اسٹینڈز کے اجازت نامے ، ٹھیکوں اور مقررہ فیس کے نرخ نمایاں مقامات پر آویزاں کیے جائیں۔ شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب، کمشنر ملتان، ڈپٹی کمشنر وہاڑی اور چیف آفیسر میونسپل کمیٹی سے مطالبہ کیا ہے کہ مبینہ ناجائز وصولیوں اور شہریوں سے بدسلوکی کے واقعات کی تحقیقات کرکے ذمہ دار عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...