واسا نادہندگان کے خلاف آپریشن، متعدد کنکشن منقطع
ایکٹ کے تحت جرمانے اور دیگر قانونی اقدامات کی گنجائش موجود ہے : اکرام اللہ
وہاڑی (خبرنگار ،نمائندہ خصوصی ) واسا کے بلوں کی عدم ادائیگی پر نادہندگان کے خلاف کارروائی تیز کردی گئی، شہر کے مختلف علاقوں میں متعدد کمرشل اور گھریلو صارفین کے واٹر اور سیوریج کنکشن منقطع کردیے گئے ۔ تفصیلات کے مطابق ایم ڈی واسا وہاڑی چوہدری اکرام اللہ کی ہدایات پر ریونیو افسران خادم حسین، افضال ارشد اور محمد شاہد کی قیادت میں انجینئرنگ اسٹاف اور سینیٹری ورکرز پر مشتمل ٹیموں نے ریکوری آپریشن کیا۔ کارروائی کے دوران مسلسل بل ادا نہ کرنے والے صارفین کے کنکشن منقطع کیے گئے۔
سب انجینئرز راشد علی، محمد اویس انور اور محمد عرفان بھی عملے کے ہمراہ موجود تھے۔ ایم ڈی واسا نے شہریوں اور کمرشل صارفین سے واجبات فوری ادا کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ واسا ایکٹ 2025 اور متعلقہ قواعد کے تحت کنکشن منقطع کرنے ، جرمانے عائد کرنے اور دیگر قانونی اقدامات کی گنجائش موجود ہے۔ ڈائریکٹر ایڈمن، فنانس اینڈ ریونیو نعیم احمد تارڑ نے کہا کہ بلنگ ریکارڈ اور واجبات کی مسلسل نگرانی کی جارہی ہے۔ ریکوری مہم کا مقصد ادارے کے مالی وسائل مستحکم کرنا اور صاف پانی و نکاسی آب کی سہولیات بہتر بنانا ہے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ نادہندگان کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments