گندم میں رکھنے والی زہریلی گولیوں کی فروخت پر ایکشن
اولڈ غلہ منڈی میں کارروائی،ملزم سے ڈیڑھ کلو ایلومینیم فاسفائیڈ برآمد
ملتان( وقائع نگار خصوصی)گندم کی سٹوریج کے لئے استعمال ہونے والی زہریلی گولیوں (ایلومینیم فاسفائیڈ) کی غیر قانونی خرید و فروخت کے خلاف محکمہ زراعت پنجاب کی کارروائیاں جاری ہیں۔ ڈائریکٹر پیسٹ وارننگ ضلع ملتان سید عصمت حسین کی سربراہی میں محکمہ زراعت کی ٹیم نے اولڈ غلہ منڈی ملتان میں کارروائی کرتے ہوئے گندم کی زہریلی گولیوں کی غیر قانونی فروخت میں ملوث ایک شخص کو گرفتار کر لیا۔ کارروائی کے دوران 1.5 کلوگرام ایلومینیم فاسفائیڈ گولیاں، جن کی مالیت 12 ہزار 500 روپے ہے ، قبضے میں لے لی گئیں۔ ملزم بغیر لائسنس، ڈیلرشپ، انوائس اور سٹاک رجسٹر کے زہریلی گولیوں کی خرید و فروخت میں ملوث تھا۔
محکمہ زراعت کی جانب سے قانونی کارروائی کرتے ہوئے استغاثہ اور مال مقدمہ تھانہ ممتاز آباد پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے ۔ ملزم کے خلاف متعلقہ قوانین کے تحت کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔ وزیر زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی اور سیکرٹری زراعت پنجاب شکیل احمد میاں نے متعلقہ فارمیشنز کو غیر قانونی زرعی زہریلی ادویات کی خرید و فروخت کے خلاف مؤثر کارروائیاں یقینی بنانے کی ہدایات جاری کر رکھی ہیں۔ محکمہ زراعت کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ غیر رجسٹرڈ ڈیلرز اور غیر مجاز دکانداروں کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments