ایمرسن کالج کی شناخت ختم کرنے پر اساتذہ، والدین سراپا احتجاج
انٹر میڈیٹ کے داخلوں کی بندش سے غریب طلبہ کے مستقبل پر منفی اثرات مرتب ہونگے
ملتان(خصوصی رپورٹر)جنوبی پنجاب کے تقریباً 120 سالہ تاریخی تعلیمی ادارے گورنمنٹ ایمرسن کالج کی شناخت کے خاتمے اور انٹرمیڈیٹ کے داخلوں کی بندش کے معاملے پر پنجاب پروفیسرز اینڈ لیکچررز ایسوسی ایشن (پی پی ایل اے ) کے نمائندوں اور ایمرسن کالج کے بعض سابقہ اساتذہ نے تشویش کا اظہار کیا ہے ۔ ان کاکہنا ہے کہ انٹرمیڈیٹ کلاسز کی بندش سے خطے کے غریب اور متوسط طبقے کے طلبہ کے تعلیمی مستقبل پر منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔ اساتذہ اور ایسوسی ایشن کا موقف ہے کہ سستی اور معیاری تعلیم کی فراہمی کے لئے انٹرمیڈیٹ کی کلاسز کی بحالی ضروری ہے۔
پی پی ایل اے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ اگر موجودہ کیمپس میں گورنمنٹ ایمرسن کالج کی بحالی ممکن نہیں تو ملتان شہر میں کسی اور مناسب مقام پر گورنمنٹ ایمرسن کالج قائم کیا جائے اور انٹرمیڈیٹ کی کلاسز بحال کی جائیں تاکہ شہر کی بڑھتی ہوئی آبادی کی تعلیمی ضروریات پوری ہو سکیں اساتذہ نے اس صورتحال کی ذمہ داری یونیورسٹی انتظامیہ کے فیصلوں پر عائد کرتے ہوئے الزام لگایا ہے کہ فیصلہ سازی میں مشاورت کے عمل کو نظرانداز کیا گیا پی پی ایل اے رہنماؤں نے اعلان کیا ہے کہ وہ آئندہ ہفتے سیکرٹری ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ (ایچ ای ڈی) پنجاب سے باضابطہ ملاقات کر کے اپنا احتجاج ریکارڈ کروائیں گے ۔
اور اپنا موقف پیش کریں گے ۔یونین ارکان نے مزید الزام عائد کیا ہے کہ یونیورسٹی میں ڈیپوٹیشن پر تعینات ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے اساتذہ اور ملازمین کے ساتھ امتیازی سلوک روا رکھا جا رہا ہے ۔ ان کے بقول، ادارے میں اقربا پروری، بدعنوانی، ہراسانی اور اختلاف رائے رکھنے والے اساتذہ کے خلاف انتقامی کارروائیوں کی شکایات سامنے آ رہی ہیں دوسری جانب، پرانے طلبہ کی تنظیم \"دی ایمرسونینز\" کی جانب سے آج صبح 9 بجے ایمرسن یونیورسٹی کے الغزالی ہال میں پوزیشن ہولڈر طلبہ میں میڈلز اور سرٹیفکیٹس تقسیم کرنے کی سالانہ تقریب کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments