میپکو کے دو اہلکار ملازمت سے برخاست، ایک کو محکمانہ سزا
ملتان (خصوصی رپورٹر)ملتان الیکٹرک پاور کمپنی (میپکو) انتظامیہ نے محکمانہ کیسز کا فیصلہ سناتے ہوئے دو اہلکاروں کو ملازمت سے برخاست جبکہ ایک اہلکار کو سزا دے دی ہے ۔
چیف انجینئر (او اینڈ ایم)ڈسٹری بیوشن میپکو محمد شہزاد راعی نے پاکستان واپڈا ایمپلائز ای اینڈ ڈی رولز 1978ء کے تحت کارروائی کرتے ہوئے ایس ڈی او/جونیئر انجینئر زعیم صابر کو 4 اگست 2025ء سے مسلسل غیر حاضر رہنے پر ملازمت سے برخاست کر دیا ہے۔ اسی طرح میپکو آپریشن سرکل بہاولپور کے لائن سپرنٹنڈنٹ گریڈ دوم احمد عظیم کو 20 ستمبر 2025ء سے مسلسل غیر حاضری پر نوکری سے برطرف کیا گیا ہے ۔دونوں اہلکاروں کو ڈیوٹی پر حاضر ہونے کے لئے ان کے رہائشی پتوں پر خطوط ارسال کئے گئے ، تاہم وہ مقررہ مدت میں دفاتر حاضر ہوئے اور نہ ہی کوئی جواب دیا۔ اس پر محکمانہ قوانین کے مطابق کارروائی کرتے ہوئے انہیں ملازمت سے برخاست کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔دریں اثنا میپکو آپریشن سرکل رحیم یار خان میں تعینات ایس ڈی او محمد فیصل صدیق کے خلاف دو محکمانہ کیسز میں الزامات ثابت ہونے پر سزائیں سنائی گئی ہیں۔ ایس ڈی او احمدپور لمہ سب ڈویژن میں تعیناتی کے دوران بننے والے کیس میں ان کی موجودہ سکیل میں ایک سال کے لئے ایک درجہ تنزلی کی گئی، جبکہ ایس ڈی او خانبیلہ سب ڈویژن میں تعیناتی کے دوران بننے والے دوسرے کیس میں دو سالانہ انکریمنٹس روکنے کی سزا دی گئی ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments