کرشنگ شروع نہ ہوسکی، گنے کے کم نرخ، کسان پریشان

کرشنگ شروع نہ ہوسکی، گنے کے کم نرخ، کسان پریشان

گنے کا سرکاری ریٹ 500بتایا گیا،قیمت 350 سے 380 روپے فی من مقرر

مونڈکا (نامہ نگار) مظفرگڑھ کی شوگر ملوں کی جانب سے کرشنگ شروع نہ کرنے اور پنجاب کی دیگر ملوں کی طرف سے گنے کے کم نرخ مقرر کرنے پر کسان اتحاد نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔کسان اتحاد مظفرگڑھ کے ایگزیکٹو ممبران سابق جنرل سیکرٹری ملک محمد فاروق ابڑیند، اصغر شاہ کہیری اور میاں اسماعیل نوناری نے مشترکہ بیان میں کہا کہ حکومت کی جانب سے گنے کا سرکاری نرخ 500 روپے فی من بتایا گیا تھا، تاہم پنجاب کی شوگر ملوں نے 350 سے 380 روپے فی من قیمت مقرر کر دی ہے ، جبکہ مظفرگڑھ کی شوگر ملوں نے تاحال کرشنگ شروع نہیں کی۔انہوں نے کہا کہ ملوں کی بندش سے گنے کی فصل کھیتوں میں خراب ہونے کا خدشہ ہے اور گندم کی کاشت بھی متاثر ہو رہی ہے ۔ دوسری جانب یوریا، ڈی اے پی، ڈیزل اور دیگر زرعی مداخل کی قیمتوں میں اضافے نے کسانوں کی مشکلات بڑھا دی ہیں۔کسان رہنماؤں نے حکومت پنجاب سے گنے کا نرخ 550 روپے فی من مقرر کرنے ، کھادوں اور دیگر زرعی مداخل کی قیمتیں کم کرنے اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔دوسری جانب شوگر مل مالکان کا مؤقف ہے کہ گزشتہ سال کی چینی کے بھاری ذخائر اور برآمدات نہ ہونے کے باعث گودام بھرے ہوئے ہیں، اس لیے حکومت پہلے موجودہ چینی کے ذخائر خریدے ، جس کے بعد ملیں کرشنگ شروع کر سکیں گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...