کبیروالا تا مخدوم پور روڈ پر پٹرولنگ پوسٹ کا افتتاح
جرائم کی روک تھام اور شہریوں کے تحفظ کیلئے اڈا ونوئی پل پر نئی پوسٹ قائم
چوپڑہٹہ،جودھ پور (نمائندہ دنیا) کبیروالا تا مخدوم پور روڈ پر امن و امان کے قیام اور جرائم کی روک تھام کے لیے اڈا ونوئی پل پر پٹرولنگ پوسٹ مہر سجاد مہار کا افتتاح کر دیا گیا۔ افتتاحی تقریب کے مہمانانِ خصوصی ایم این اے محمد خان ڈاہا، پیر عابد امام شاہ اور ایڈیشنل آئی جی پنجاب پٹرولنگ پولیس فیصل علی راجہ تھے ۔تقریب میں مہر منیر اکبر ہراج، مہر سجاد نذر مہار، راؤ خاور تصدق ٹھاکر، راؤ جاوید اقبال ٹھاکر، ملک توفیق، ایس پی پٹرولنگ ملتان ڈویژن مہر فیاض احمد سنپال، ڈی ایس پی پٹرولنگ خانیوال چوہدری وسیم سجاد، مختلف پٹرولنگ پوسٹوں کے انچارجز اور شہریوں نے شرکت کی۔مقررین نے کہا کہ نئی پوسٹ کے قیام سے شاہراہ پر پولیس گشت اور نگرانی کا نظام بہتر ہوگا۔ ڈکیتی، چوری اور راہزنی سمیت دیگر جرائم کی روک تھام میں مدد ملے گی جبکہ مسافروں اور ٹرانسپورٹرز کو بروقت پولیس امداد اور تحفظ فراہم کیا جا سکے گا۔علاقہ مکینوں نے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ شاہراہ پر پولیس کی مستقل موجودگی وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ نئی پوسٹ کو مطلوبہ نفری اور سہولیات فراہم کرکے مؤثر گشت یقینی بنایا جائے ، تاکہ شہری بلاخوف سفر کر سکیں اور علاقے میں امن و امان برقرار رہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments