وہاڑی بار انتخابات، کاغذات نامزدگی کی فیس میں 10گنا اضافہ
نوجوان وکلاء کی انتخابی عمل میں شرکت متاثر ہونے کا خدشہ، نوٹس لینے کا مطالبہ
وہاڑی (خبرنگار) ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن وہاڑی کے سالانہ انتخابات سے قبل کاغذات نامزدگی کی فیس میں مبینہ طور پر دس گنا اضافے پر وکلاء برادری میں تشویش پائی جاتی ہے ۔ ڈسٹرکٹ بار کے سینئر ممبر پروفیسر زاہد خان ایڈووکیٹ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کے اس فیصلے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے ۔نئی مقرر کردہ فیس کے مطابق صدر کے امیدوار کے لیے ایک لاکھ 20 ہزار روپے ، جنرل سیکرٹری کے لیے 80 ہزار روپے ، نائب صدر کے لیے 70 ہزار روپے اور مجلس عاملہ کے امیدواروں کے لیے 15 ہزار روپے مقرر کیے گئے ہیں۔پروفیسر زاہد خان ایڈووکیٹ نے کہا کہ بار ایسوسی ایشن وکلاء کا جمہوری اور نمائندہ ادارہ ہے ، اسے چند صاحب ثروت افراد تک محدود نہیں ہونا چاہیے ۔ فیسوں میں غیر معمولی اضافے سے نوجوان اور باصلاحیت وکلاء کی انتخابی عمل میں شرکت متاثر ہوگی۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا بار کے انتخابات میں حصہ لینے کا حق صرف ان وکلاء کو ہونا چاہیے جو بھاری اخراجات برداشت کرسکتے ہیں؟۔انہوں نے الزام لگایا کہ ہر سال انتخابات کے نام پر لاکھوں روپے جمع کیے جاتے ہیں، لیکن ان رقوم کے استعمال کا شفاف حساب اور باقاعدہ آڈٹ سامنے نہیں آتا۔ ان کا دعویٰ تھا کہ پنجاب کی کسی دوسری بار ایسوسی ایشن میں انتخابی فیس اتنی زیادہ نہیں۔انہوں نے پنجاب بار کونسل سے مطالبہ کیا کہ فیسوں میں کمی کے لیے فوری نوٹس لیا جائے اور انتخابی اخراجات کی مکمل تفصیلات جاری کرکے باقاعدہ آڈٹ کروایا جائے ۔ انہوں نے سیشن جج وہاڑی سے بھی رقوم کے حساب کتاب کی جانچ پڑتال کا مطالبہ کیا تاکہ مالی معاملات میں شفافیت یقینی بنائی جاسکے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments