منشیات کے بڑے نیٹ ورک کے دو اہم کارندے گرفتار
ملزموں سے 7 کلو آئس، 12 کلو چرس برآمد، مالیت 14 ملین روپے سے زائد
ملتان (کرائم رپورٹر)نارکوٹکس کنٹرول اسٹیشن ملتان نے منشیات کی ترسیل اور آن لائن فراڈ میں ملوث منظم نیٹ ورک کے دو اہم کارندوں کو گرفتار کرکے 7 کلوگرام آئس اور 12 کلوگرام چرس برآمد کرلی، جن کی مجموعی مالیت 14 ملین روپے سے زائد بتائی جاتی ہے ۔ترجمان کے مطابق خفیہ اطلاعات موصول ہوئی تھیں کہ محمد امجد کی سربراہی میں ایک گروہ ملتان کے علاقے بُچ ولا میں منشیات فروشی اور آن لائن فراڈ کی سرگرمیوں میں ملوث ہے ۔ گروہ ڈیرہ غازی خان سے منشیات لاکر ملتان کے مختلف علاقوں، بالخصوص نجی کالونیوں اور یونیورسٹیوں میں سپلائی کرتا تھا۔ڈائریکٹر نارکوٹکس کنٹرول اسٹیشن ملتان وقار اعظم کی ہدایت پر اسٹیشن انچارج نصرت علی جوہر کی سربراہی میں اسٹرائیک ٹیموں نے 72 گھنٹے کی انٹیلی جنس پر مبنی کارروائی اور منصوبہ بندی کے بعد ہیڈ محمد والا پر ناکہ بندی کی۔ کارروائی کے دوران شاہد ولد محمد رفیق کو 7 کلوگرام آئس جبکہ محمد شکیل ولد غلام سرور کو 12 کلوگرام چرس سمیت گرفتار کرلیا گیا۔ملزموں کی نشاندہی پر بُچ ولا میں بھی چھاپہ مارا گیا، تاہم نیٹ ورک کا مبینہ سرغنہ امجد فرار ہوچکا تھا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق گروہ کے بعض ارکان بیرون ملک آن لائن فراڈ اور ڈیبٹ کارڈز کے ذریعے مالیاتی دھوکہ دہی میں بھی ملوث تھے ۔حکام کے مطابق مفرور سرغنہ اور نیٹ ورک کے دیگر ارکان کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments