یوتھ گیمز :تعلیمی اداروں کو رجسٹریشن تیز کرنے کی ہدایت
طلبہ کی شرکت بڑھانے ، تشہیر اور کھیلوں کے جلد ٹرائلز کے احکامات جاری
ملتان (خصوصی رپورٹر)سی ایم پنجاب یوتھ گیمز 2026-27 کے انعقاد کے سلسلے میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی ملتان نے ضلع بھر کے سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کو طلبہ کی زیادہ سے زیادہ شرکت یقینی بنانے اور کھلاڑیوں کی رجسٹریشن کا عمل تیز کرنے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔ اس حوالے سے تمام ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز (سیکنڈری و ایلیمنٹری، مردانہ و زنانہ)کو صوبائی احکامات پر فوری عملدرآمد کا حکم دیا گیا ہے ۔جاری کردہ مراسلے کے مطابق یہ ہدایات سپورٹس بورڈ پنجاب کے صوبائی جائزہ اجلاس اور ڈائریکٹر پبلک انسٹرکشن (سیکنڈری ایجوکیشن)لاہور کے احکامات کی روشنی میں جاری کی گئی ہیں۔ تعلیمی اداروں کو طلبہ کو کھیلوں کی سرگرمیوں میں بھرپور مواقع فراہم کرنے اور باصلاحیت کھلاڑیوں کی زیادہ سے زیادہ رجسٹریشن یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے ۔مراسلے میں یوتھ گیمز کی تشہیر کے لئے بھی خصوصی اقدامات کرنے کا کہا گیا ہے ۔ سوشل میڈیا اشتہارات، بینرز، پوسٹرز اور فلیکسز پر سی ایم پنجاب یوتھ گیمز 2026-27 کا سرکاری لوگو نمایاں طور پر استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ، جبکہ کھیلوں کے مقابلے منعقد کرنے والے سکولوں میں کم لاگت کے تشہیری بینرز بھی آویزاں کئے جائیں گے۔مزید برآں کھیل وار مقابلوں کے شیڈول، ٹرائلز اور سرگرمیوں کی پیش رفت سے متعلق رپورٹس تعلیمی اداروں کے سرکاری سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر باقاعدگی سے شیئر کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی نے متعلقہ افسران کو احکامات پر عملدرآمد کرتے ہوئے یوتھ گیمز میں طلبہ کی بھرپور نمائندگی یقینی بنانے کی تاکید کی ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments