پی پی کارکنوں کے مسائل حل کرنے کیلئے کوشاں، ڈاکٹر جاوید
ملتان (لیڈی رپورٹر)چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کے متوقع دورہ جنوبی پنجاب کی تیاریوں اور تنظیمی و سیاسی امور پر مشاورت کے لئے پیپلزپارٹی ملتان ڈویژن کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر جاوید صدیقی کی رہائش گاہ پر اہم اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس کی صدارت پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب کے سینئر نائب صدر خواجہ رضوان عالم نے کی، جبکہ رکن قومی اسمبلی سید علی قاسم گیلانی مہمان خصوصی تھے ۔اجلاس میں بلاول بھٹو زرداری کے دورے کے شیڈول، استقبال، تنظیمی سرگرمیوں اور پارٹی عہدیداروں و کارکنوں سے ملاقاتوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ شرکا کو بتایا گیا کہ بلاول بھٹو زرداری ملتان میں بلاول ہاؤس قیام کریں گے ۔، جہاں وہ سٹی، ضلعی اور ذیلی تنظیموں کے عہدیداروں اور کارکنوں سے ملاقات کریں گے ۔ وہ مرحوم پارٹی رہنماؤں کے اہل خانہ سے تعزیت کے علاوہ میڈیا نمائندوں سے بھی ملاقات کریں گے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سید علی قاسم گیلانی، خواجہ رضوان عالم، نوید عامر جیوا، ڈاکٹر جاوید صدیقی، ملک نسیم لابر اور دیگر رہنماؤں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کی ملتان آمد پر شاندار استقبال کیا جائے گا۔ تمام عہدیداران، ارکان اسمبلی، ٹکٹ ہولڈرز اور کارکنان دورے کو کامیاب بنانے کے لیے مشترکہ کردار ادا کریں گے ۔رہنماؤں نے کہا کہ کارکن پارٹی کا سرمایہ ہیں، ان کی عزت، مسائل کا حل اور قیادت سے براہِ راست رابطے کے مواقع فراہم کرنا اولین ترجیح ہے ۔ کارکنوں کی جانب سے چیئرمین سے ملاقات کے مطالبے پر کہا گیا کہ متحرک عہدیداروں اور کارکنوں کو قیادت سے ملاقات کا موقع دینے کی کوشش کی جائے گی تاکہ وہ اپنے مسائل، تجاویز اور تنظیمی امور براہِ راست پیش کر سکیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments