یومیہ بنیادوں پر پٹرولیم قیمتوں کا تعین بند کیا جائے ،عمر فرید
ملتان (لیڈی رپورٹر)آل پاکستان پٹرولیم اونرز ایسوسی ایشن ضلع ملتان کے صدر عمر فرید خان بابر، نائب صدر ملک سلمان گانگرہ، جنرل سیکرٹری راؤ زاہد شریف، چیف آرگنائزر ملک اشفاق، چودھری مظہر ، شیخ سادات اور ایاز حسن نے پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے۔
کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ ردوبدل کے بجائے ہر 15 روز یا ماہانہ بنیادوں پر نظرثانی کی جائے تاکہ عوام اور پٹرول پمپ مالکان کو درپیش مشکلات کا خاتمہ ہو سکے ۔ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے کہا کہ پٹرول، ڈیزل اور دیگر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بار بار تبدیلی سے عوام ذہنی اور معاشی پریشانی کا شکار ہیں، جبکہ پٹرول پمپ مالکان کے لئے کاروباری معاملات چلانا بھی مشکل ہوتا جا رہا ہے ۔ قیمتوں میں اچانک کمی یا اضافے سے پہلے سے خریدے گئے سٹاک کی مالیت متاثر ہوتی ہے ، جس کے باعث کاروباری نقصان اور مالی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ قیمتوں میں غیر یقینی صورتحال کے باعث پٹرول پمپ مالکان کو سٹاک، خریداری، فروخت اور مالی معاملات کی منصوبہ بندی میں مشکلات پیش آتی ہیں۔ حکومت کو چاہیے کہ پٹرولیم سیکٹر سے وابستہ تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لے کر شفاف اور مستقل پالیسی مرتب کرے ۔ ایسوسی ایشن رہنماؤں کے مطابق عالمی منڈی میں قیمتوں کے اتار چڑھاؤ کو مدنظر رکھتے ہوئے ہر 15 روز بعد قیمتوں کا تعین کیا جائے ۔ اس سے عوام کو ماہانہ اخراجات کی منصوبہ بندی میں آسانی ہوگی اور ٹرانسپورٹ سمیت دیگر کاروباری شعبوں میں قیمتوں کے استحکام میں بھی مدد ملے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments