ڈی ایچ کیو ہسپتال , ایمرجنسی ,بچہ وارڈز کا تخمینہ 1 ارب ,70 کروڑ

ڈی ایچ کیو ہسپتال , ایمرجنسی ,بچہ وارڈز کا تخمینہ 1 ارب ,70 کروڑ

سو بیڈز کا نیا ایمر جنسی بلاک ،سوبیڈز کے بچوں کی وارڈ زتعمیر ہو نگی،50ڈاکٹرز بھی بھرتی کئے جائینگے ،ہسپتال کا معیار بہتر بنایا جارہاہے ،کسی قیمت پر نیچے نہیں آنے دینگے ،کمشنر

سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) کمشنر ڈاکٹر فرح مسعود کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں بتا یاگیاکہ چیف سیکرٹری پنجاب کے احکامات کے مطابق ڈی ایچ کیو میں نئے ایمر جنسی بلاک اور بچوں کے وارڈز کی تعمیر کیلئے محکمہ بلڈنگ نے ابتدائی تخمینہ تیار کر لیاہے ۔ سو بیڈز کے نئے ایمر جنسی بلاک اور سامان کی فراہمی کا تخمینہ ایک ارب جبکہ سو بیڈز کے بچوں کے بلاک کا تخمینہ 70کروڑ روپے لگایا گیا ہے ، ڈی ایچ کیو ٹیچنگ میں اس وقت 22بیڈز کی ایمر جنسی سے جوبڑھ کر 122 بیڈز تک پہنچ جائیگی، اس طرح نرسری میں 42 شیرخوار بچوں کے علاج معالجہ کی سہولیات موجود ہیں ، بچوں کے الگ سو بیڈز وارڈ کی تعمیر سے مریضوں کو مزید بہتر سہولیات دستیاب ہوں گی ۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر محمد اصغر جوئیہ ’ ڈائریکٹر ہیلتھ ڈاکٹر رانا محمد ریاض ’ ایڈیشنل کمشنر شہباز حسین نقوی ’ ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ بلال حسن ’ سی او ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر سہیل ا صغر قا ضی اور پرنسپل سرگودہا میڈیکل کالج ڈاکٹر حمیرا اکرم کے علاوہ محکمہ بلڈنگ کے افسران شریک تھے ۔ اجلاس کو مزید بتایا گیاکہ ہسپتال میں ڈاکٹرز کی کمی کو پورا کرنے کیلئے 50خالی اسامیوں پر ایڈہاک بنیادوں پر بھر تی کیلئے اشتہار جاری کیاجارہا ہے ، کمشنر نے کہاکہ ہسپتال کامعیار بہتر بنایاجارہاہے اسے اب کسی قیمت پر نیچے نہیں آنے دیاجائیگا ۔ انہوں نے ایم ایس او رپرنسپل سرگودہا میڈیکل کالج کو ڈاکٹر ز کے ڈیوٹی روسٹر تیار کرنے او رانہیں ہسپتال میں مختلف مقامات پر آویزاں کرنے کی ہدایت کی ۔ انہوں نے کہاکہ ڈاکٹروں کی ڈیوٹی اوقات میں سو فیصد دستیابی کو یقینی بنایا جائے ۔ ہسپتال کے داخلی او رخارجی راستوں پر کیمرے لگا کر ڈاکٹر ز اور دیگر عملہ کی مانیٹرنگ کی جائے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں