70 غیر قانونی پمپس ,ملاوٹ شدہ پٹرول فروخت

70 غیر قانونی پمپس ,ملاوٹ شدہ پٹرول فروخت

سرگودھا، فیصل آباد، جھنگ،خوشاب ، ٹوبہ ٹیک سنگھ میں یہ پمپس سمگلنگ میں ملوث ،قومی خزانے کو نقصان ، حکام نے فہرستیں ڈپٹی کمشنرز کو بھیج دیں،ایکشن کیلئے تعاون طلب

سرگودھا(نامہ نگار ) ایکسپوزو لائسنس منسوخ کئے جانے کے باوجود پی ایس او کے نام سے سرگودھا سمیت مختلف شہروں میں ایسے درجنوں غیر قانونی پٹرول پمپوں کا انکشاف ہوا ہے جو پٹرولیم مصنوعات کی سمگلنگ اور ملاوٹ شدہ پٹر ول و ڈیزل فروخت کرنے میں ملوث پائے گئے ہیں، ذرائع کے مطابق پی ایس ا و حکام کی جانب سے سرگودھا، فیصل آباد، جھنگ،خوشاب ، ٹوبہ ٹیک سنگھ میں 70سے زائد ایسے پٹرول پمپوں کی فہرستیں اور دیگر کوائف ڈپٹی کمشنرز کو ارسال کئے ہیں جن کے ایکسپوزو لائسنس مختلف بے قاعدگیوں کی بناء پر منسوخ کئے جا چکے ہیں جبکہ ان کے پاس متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کا این او سی بھی نہیں مگر یہ پی ایس او کے نام سے بدستور پٹرولیم مصنوعات فروخت کر رہے ہیں،جہاں نہ صرف پاکستان اسٹیٹ آئل کے مونوگرام استعمال کئے جا رہے ہیں بلکہ ان پٹرول پمپوں کے حفاظتی انتظامات بھی پی ایس او کے مقرر کردہ معیار کے مطابق نہیں،یہ پٹرول پمپ سمگل اور ملاوٹ شدہ پیٹرولیم مصنوعات کو پروموٹ کررہے ہیں، جس سے قومی خزانے کو بھی نقصان پہنچ رہا ہے ، ان پٹرول پمپوں کے خلاف وسیع پیمانے پر ایکشن کیلئے ڈپٹی کمشنرز سے تعاون طلب کیا اور کہا ہے کہ اس حوالے سے سخت کاروائی عمل میں لائی جائے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں