تجاوزات کے خلاف مہم بے اثر،اکثر بازار تنگ ہو گئے

سرگودھا(سٹاف رپورٹر)شہر میں تجاوزات کے خلاف معمول کی مہم وسائل کے بے دریغ استعمال تک محدود اور اثر کھو بیٹھی جبکہ تجاوزات کی بھرمار نے شہر کے اکثر بازار تنگ کر کے رکھ دیئے ہیں۔۔۔
بلاک نمبر8مچھلی بازار چوک ،محمدی بازار،ریل بازار، مسلم بازار، امین بازار، فیصل بازار، اردوبازار اور ملحقہ مارکیٹوں میں ایک سال قبل گرینڈ آپریشن کے بعد عارضی طور پر صورتحال بہتر دکھائی دی ،اور سیاسی مداخلت سے روکے گئے گرینڈ آپریشن کو دوبارہ شروع کرنے کیلئے متعدد مرتبہ اعلانات تو کئے گئے مگر عملدرآمد نہیں ہو سکا جبکہ تجاوزات کے خلاف معمول کی مہم کا انداز ہ اس امر سے لگایا جا سکتا ہے کہ چند ایک اشیاء قبضہ میں لے کر روزانہ کی بنیاد پر عملدرآمد کی رپورٹ بھجوا کر انکروچمنٹ عملہ بری الذمہ ہو جاتا ہے ،دوسری طرف متذکرہ بازاروں میں ریڑھی بانوں ،خوانچہ فروشوں نے بدستور قبضے جما رکھے ہیں جس کے باعث آمدورفت ایک چیلنج بن کر رہ گئی اور حادثات و لڑائی جھگڑے معمول ہیں، دوسری جانب ڈسٹرکٹ ٹریفک پولیس آفیسر یوسف چیمہ نے بھی گزشتہ روز سول ایڈمنسٹریشن کو صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ عملہ انکروچمنٹ کے ذریعے سٹی ایریا کے مذکورہ بازاروں سے ریڑھی،چھابڑی اور دیگر عارضی تجاوزات فوری ختم کروائیں ،کیونکہ ریڑھی، چھابڑی والے اپنی ریڑھیاں سڑک پر کھڑی کرتے ہیں اور خریدار ان کے ارگرد کھڑے ہو کر مجمع کی صورتحال بنا لیتے ہیں جس سے ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ ہے اور کسی بھی وقت ناخوشگوار واقع پیش آسکتا ہے۔