سیاسی نمائندے بھی گرانفروشی کیخلاف عملی اقدامات شروع نہ کروا سکے قیمتیں آسمان پر پہنچ گئیں
سرگودھا(سٹاف رپورٹر)وزیر اعلیٰ کے حکم پر سیاسی نمائندے بھی گرانفروشی کے خلاف عملی اقدامات شروع نہ کروا سکے ۔۔
اورگزشتہ کئی ہفتوں سے بلند و بانگ دعوؤں اور اعلانات کا سلسلہ توجاری ہے تاہم سرگودھا میں اشیا خورونوش کے نرخوں کو اعتدال پر لانے اورمستقل چیک اینڈ بیلنس کیلئے جاری احکامات پر عملدرآمد نہ ہو سکا، سابقہ ادوار کی طرح اس بار بھی اشیا خوردونوش کے ریٹ کنٹرول کرنے کے اعلانات کاغذی کاروائی ثابت ہورہے ہیں، اجلاس کے بعد گرانفروشی کی روک تھام کیلئے مستقل بنیادوں پر مہم جاری رکھنے کے احکامات جاری کئے گئے تھے جن پر کہیں بھی عملدرآمد دیکھنے میں نہیں آیا جس کے باعث شہر کے مختلف علاقوں میں اشیا کے مختلف نرخ وصول کئے جا رہے ہیں، سبزیوں،دالوں، پھلوں ،گھی ،چینی اور پھلوں کی قیمتیں بدستور آسمان سے باتیں کر رہی ہیں، روزانہ کی بنیادوں پر اشیا خوردونوش میں اضافہ پر غریب اور دیہاڑی دار طبقہ پس کر رہا گیا اور مڈل مین طبقہ بھی سخت مشکلات سے دوچار ہے ،شہریوں کا کہنا ہے کہ صرف ڈسٹری بیوٹرز سے ریٹ حاصل کر کے سرکاری نرخ مقرر کئے جاتے ہیں، جبکہ زراعت اور ضلعی انتظامیہ کے وہ ذمہ داران جنہیں صوبائی حکومت کے پرائس کنٹرول میکنزم پر عملدرآمد کا ٹاسک دیا گیا وہ غیر فعال ہیں، میکنزم پر عملدرآمد ایک خواب بن کر رہ گیا ہے ضلعی انتظامیہ صوبائی حکام کو رام کرنے کیلئے کاغذی کاروائی کر کے انہیں تو مطمئن کر دیتے ہیں مگر عوام کا کوئی پرسان حال نہیں، وزیر اعلیٰ نوٹس لیں۔