گلبرگ ٹاؤن میں 5روز ہ گل داؤدی شو کا افتتاح
کراچی (اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے ٹاؤن چیئرمین گلبرگ نصرت اللہ، وائس ٹاؤن چیئرمین محمد الیاس،نائب امیر ضلع گلبرگ فاروق نعمت اللہ، چیئرمین یوسی 4 عظیم اللہ حسینی و دیگر یوسی چیئرمین کے ہمراہ رضوان پارک، فیڈرل بی ایریا بلاک 14 میں 5روز ہ گل داؤدی شو کا افتتاح کردیا۔
منعم ظفر خان نے گل داؤدی شو کا دورہ کیا اور ٹاؤن چیئرمین اور ان کی پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کی۔گل داؤدی شو 2001 سے شروع کیا گیا ہے ۔ گلبرگ ٹاؤن موسم سرما میں 6 شو کرتا ہے جس کا یہ پہلا شو رضوان پارک میں کیا جارہا ہے ۔ شو میں 100 سے زائد اقسام کے پھول 10 ہزار سے زائد پلانٹس لگائے گئے ہیں۔ گلبرگ ٹاؤن کے اپنی نرسری میں پھول اور پودے تیار کیے جاتے ہیں۔ گلبرگ ٹاؤن کی 16 ایکڑ پر مشتمل نرسری قائم ہے ۔ رضوان پارک میں گل داؤدی شو کے موقع پر کھانے پینے اور بچوں کے کھیلوں کے اسٹالز بھی لگائے گئے ہیں۔ امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے گل داؤدی شو کے افتتاح کے بعد شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ٹاؤن چیئرمین اور ان کی پوری ٹیم، ڈائریکٹر پارک ندیم حنیف کو مبارکباد دی۔انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے کراچی کو سونے کی چڑیا سمجھا ہوا ہے ۔شہری ٹیکس بھی دیتے ہیں اس کے باوجود نلکوں کے بجائے ٹینکروں میں پانی دیا جاتا ہے ۔ شہر کے منصوبے ڈیڈ لائن گزرنے کے بعد بھی مکمل نہیں ہوتے ۔ ہم نے ڈیڑھ سال میں 125 پارکس، شہر کی گلیوں اور سڑکوں میں اسٹریٹ لائٹس لگائیں۔ 34 سے زائد سرکاری سکولوں کو از سر نو بحال کیا ہے ۔ جماعت اسلامی کے 9 ٹاؤنز میں بلا تفریق رنگ و نسل شہریوں کو ریلیف دینے کے لیے کام کیے جارہے ہیں۔