اشیانہ ریلیف، یوٹیلیٹی سٹورز ویران

اشیانہ ریلیف، یوٹیلیٹی سٹورز ویران

لاہور(ایجوکیشن رپورٹر)سال بدل گیا مگر یوٹیلیٹی سٹورز کے حالات نہ بدل سکے ،وافر اور مکمل اشیا اور ریلیف نہ ملنے کی وجہ سے یوٹیلیٹی سٹورز صرف نام کے رہ گئے۔

اشیائے ضروریہ کی عدم دستیابی معمول بن گئی۔بے نظیر پروگرام ریلیف پیکیج بدستور بند ہے ۔سٹورز پر صارفین کی آمد بھی نہ ہونے کے برابر رہ گئی۔ تفصیل کے مطابق یوٹیلیٹی سٹورز پر اشیائے ضروریہ کی فراہمی نہ ہو سکی ۔آٹا، چینی، برانڈڈگھی سٹورز پر دستیاب ہی نہیں۔۔یوٹیلیٹی سٹورز پر عام کے بجائے چکی کا5کلو آٹا کا تھیلہ دستیاب ہے وہ بھی مارکیٹ ریٹ پر 600 روپے میں دیا جا رہا ہے ۔ عام مارکیٹ سے مہنگی چینی بھی یوٹیلیٹی سٹورز پر دستیاب نہیں۔ یوٹیلیٹی سٹورز پر چینی کا ریٹ 140 روپے کلو مقرر ہے جبکہ عام مارکیٹ میں چینی 135 روپے کلو میں دستیاب ہے ۔ یوٹیلیٹی سٹورز گھی کا نرخ 502 روپے کلو مقرر ہے لیکن سستے گھی کے ساتھ برانڈڈ گھی دستیاب نہیں۔ چینی اور گھی کی کئی روز سے سپلائی نہیں ہو رہی۔بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام پیکیج گزشتہ کئی ماہ سے بند ہے ۔ ریلیف نہ ملنے پر صارفین نے یوٹیلیٹی سٹورز پر جانا ہی چھوڑ دیا جس کے باعث یوٹیلیٹی سٹورز پرویرانی کے سائے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں