رمضان پیکیج: مفت آٹے کی تقسیم کے آڈٹ کا فیصلہ

رمضان پیکیج: مفت آٹے کی تقسیم کے آڈٹ کا فیصلہ

سرگودھا(سٹاف رپورٹر)حکومت پنجاب نے سرگودھا سمیت دس اضلاع میں رمضان پیکیج 2023 کے تحت مفت آٹے کی تقسیم کا خصوصی آڈٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے تحت متذکرہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز سے فوری طور پر متعلقہ ریکارڈ طلب کر لیا گیا۔

 ذرائع کے مطابق سرگودھا سمیت بعض اضلاع میں گزشتہ سال رمضان المبارک کے موقع پر مفت آٹے کی تقسیم کے عمل میں سنگین نوعیت کی بے ضابطگیوں کی نشاندہی کی جا چکی ہے اس حوالے سے فلور ملزمالکان اور انتظامیہ کے مابین ریکارڈ کے مطابق آٹے کی ترسیل کے واضح فرق کی وجہ سے نہ صرف معاملات کی ذمہ داری ایک دوسرے پر ڈالنے کا سلسلہ جاری ہے بلکہ کروڑوں روپے کی ادائیگیاں بھی التواء کا شکار ہیں،ابتدائی آڈٹ میں بھی نا مکمل ریکارڈ دیا گیا جس کی وجہ سے یہ معاملہ اعلی سطح پر بھی منطقی انجام تک نہیں پہنچ سکا جس پر وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر اس پروگرام کے آڈٹ کیلئے اقدامات شروع کر دیئے گئے ہیں، اس ضمن میں ڈائریکٹر جنرل ڈائریکٹوریٹ آف آڈٹ پنجاب کی جانب سے گزشتہ روز سرگودھا، بہاؤالپور، گجرات، جھنگ، راولپنڈی، ساہیوال، فیصل آباد، ڈی جی خان، وہاڑی اور خانیوال کے ڈپٹی کمشنرز کو خصوصی پروفارموں کے ذریعے مطلوبہ تفصیلات اور متعلقہ ریکارڈ کے ساتھ ساتھ ابتدائی نیب انکوائری یا دیگر انکوائریاں ترجیح بنیادوں پر ارسال کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں