ریسکیو 1122 کے زیر اہتمام یونیورسٹی لیول پر پاکستان لائف سیور پروگرام کا آغا ز
جوہرآباد‘قائدآباد(نمائندگان دُنیا )ڈسٹرکٹ آفیسر ریسکیو انجینئرحافظ عبدالرشید نے بتایا ہے کہ ضلع خوشاب میں پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122 کے زیر اہتمام یونیورسٹی لیول پر ہفتہ وار پاکستان لائف سیور پروگرام کا آغا زکر دیا گیاہے ۔
اس حوالے سے ٹریننگ کا انعقاد کیا گیا جس میں اساتذہ کرام اور طلبا کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ڈسٹرکٹ آفیسر ریسکیو انجینئر حافظ عبدالرشید نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ شرکا کو ریسکیو اینڈ سیفٹی آفیسر تصدق حسین، اسٹیشن کوآرڈینیٹر آصف شہزاد اور کمیونٹی انسٹرکٹرز نے سانس اور دل کی دھڑکن بند ہونے کی صورت میں سی پی آر کے ذریعے بحالی اور بہتے ہوئے خون کی روک تھام کیلئے عملی تربیت دی۔ انہوں نے کہا کہ فرسٹ ایڈ کی تربیت کی فراہمی کا مقصد کمیونٹی کے لوگوں کو فعال بنانا ہے تاکہ وہ اپنے ساتھ اپنے اردگرد کسی بھی ناگہانی صورتحال سے بروقت نمٹ سکیں اور قیمتی جانوں کو تحفظ فراہم کر سکیں ٹریننگ کے دوران شرکا نے ٹریننگ کا عملی مظاہرہ بھی کیا۔