غیر قانونی مویشی منڈیوں کے خلاف کارروائی کی ہدایت

غیر قانونی مویشی منڈیوں کے خلاف کارروائی کی ہدایت

سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان کی جانب سے سرکاری اداروں کی کارکردگی کاجائزہ لینے کیلئے سربراہان سے بریفنگ لینے کا سلسلہ جاری ہے ۔

 جمعرات کے روز ڈپٹی ڈائریکٹر فشریز ڈاکٹر شائستہ اور پنجاب کیٹل مارکیٹ مینجمنٹ اینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی کے چیف آپریٹنگ آفیسر آغا داود نے اپنے اپنے محکموں کے انتظامی امور بارے بریفنگ دی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ آصف اقبال ملک اور اسسٹنٹ کمشنر ریونیو ملک محمد اشرف بھی موجودتھے ۔ ڈپٹی ڈائریکٹر فشریزنے بتایاکہ سرگودہا ڈویژن میں 13 ہزار 266 ایکڑ رقبہ پر 574 فش فارم موجود ہیں۔ اس کے علاوہ 1297 کلومیٹر کا علاقہ دریائی اور نہریں بھی چاروں اضلاع میں فش فارمنگ کیلئے مختص ہے ۔ انہوں نے شکاریوں کو لائسنس کا اجراء اور غیر قانونی شکار کے خلاف ایکشن ، فش فارمنگ کے فروغ کیلئے آگاہی پروگرام کے علاوہ جاری سکیموں اور مستقبل کی منصوبہ بندی سے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے سرگودہا میں قائم جدید لیبارٹری اور حاصل آمدن کے بارے میں بھی بتایا۔ کمشنر نے غیر قانونی شکارکی روک تھام اور اس کاروبار میں زیادہ سے زیادہ کاشتکاروں کی شمولیت کو یقینی بنانے کیلئے بھر پور محکمانہ اقدامات کرنے کی بھی ضرورت پر زور دیا۔ کمشنر کو کیٹل مارکیٹ مینجمنٹ اینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی کے چیف آپریٹنگ آفیسر نے بریفنگ میں بتایا کہ سرگودہا ڈویژن میں ان کے ادارے کے زیر انتظام 14مویشی منڈیاں کام کر رہی ہیں جن میں سرگودہا میں 2’ خوشاب میں 3 ، میانوالی میں 5 او ربھکر میں 4 منڈیاں ہیں۔ مزید یہ کہ سرگودہا او رخوشاب میں ایک ایک ماڈل منڈی کے قیام کیلئے بھی اقدامات کئے جار ہے ہیں۔ انہوں نے تمام مویشی منڈیوں پر فراہم کردہ سہولیات او رذرائع آمدن کی تفصیل سے بھی آگاہ کیا۔ کمشنر نے کہاکہ تمام مویشی منڈیوں پر خریداروں او رفروخت کنندگان کیلئے ہر قسم کی سہولیات کو یقینی بنایا جائے ۔ انہوں نے غیر قانونی مویشی منڈیوں کے خلاف بھر پور کارروائی کرنے کے علاوہ چاروں اضلاع میں مزید مویشی منڈیوں کے قیام کیلئے اقدامات کرنے کی بھی ضرورت پر زور دیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں