وزیراعلیٰ اور چیف سیکرٹری کے احکامات پر ناقص عملدرآمد
سرگودھا(سٹاف رپورٹر)حکومت پنجاب نے چیف منسٹر اور چیف سیکرٹری شکایات سیلز کو موصول شکایات پر عملدرآمد کی ناقص صورتحال اور مبینہ طور ر بوگس رپورٹنگ کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ محکموں ضلعی افسران کو مقامی سطح پر فوری ایکشن لینے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق رواں سال کے دوران چیف منسٹر اور چیف سیکرٹری پنجاب کی جانب سے بنائے گئے الگ الگ شکایات سیل کوسرگودھا ،خوشاب، میانوالی اور بھکر سے تعلیم، صحت، انرجی، انہار، روڈز، بلڈنگز، زکوۃ و عشر، ایکسائز، انفارمیشن اینڈ کلچر،ایگریکلچر،کامرس اینڈ انڈسٹریز، جنگلات، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ، ہائر ایجوکیشن ، پولیس ، پی ایچ اے و دیگر شعبوں اور بلدیاتی اداروں کے متعلقہ مجموعی طور پر1ہزار 73عوامی شکایات موصول ہوئیں جن پر عملدرآمد کا انداز ہ اس امر سے لگایا جا سکتا ہے کہ ان شکایات بابت ضلع سرگودھاکو جاری47فیصد ،میانوالی 39فیصد ،بھکر51فیصد اور خوشاب کو جاری 43فیصد احکامات پر عملدرآمد ہی نہیں ہو سکا،حکومت کی جانب سے اس سلسلہ میں محکموں کی کارکردگی کو بہتر بنانے اور چیک اینڈ بیلنس رکھنے کیلئے آن لائن ٹریکنگ سسٹم کا بھی اجراء کر رکھا ہے ،مگر متعلقہ شعبوں کی عدم توجہی کے باعث ٹریکنگ کا نظام مفلوج پڑا ہے ، سب سے زیادہ شکایات بلدیاتی اداروں کے متعلقہ موصول ہوئیں عملدرآمد کے حوالے سے شکایات گزاروں سے فیڈ بیک لیا گیا جن میں سے بیشتر افراد نے شکایات حل نہ ہونے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔