پبلک ٹرانسپورٹ کی فٹنس چیکنگ کا ادارہ ناکام، کھٹارا گاڑیاں سڑکوں پر رواں دواں
سرگودھا(سٹاف رپورٹر)سیفٹی قوانین پر عملدرآمد کروانے اور خستہ حال پبلک ٹرانسپورٹ کو روک تھام کیلئے شروع کیا گیا حکومتی منصوبہ افادیت پیدا نہیں کرسکا۔
پنجاب حکومت کا گاڑیوں کی فٹس چیک کرنے کیلئے قائم کیا گیا ادارہ مقامی انتظامیہ کی غفلت کی وجہ سے بہتر طریقہ سے استعمال نہیں کیا جا رہا ہے ،جس کی وجہ سے چھوٹی بڑی گاڑیاں انتہائی خستہ حالت میں سڑکوں پر بدستور رواں دواں ہیں،ذرائع کے مطابق گاڑیوں کی فٹنس اور چیکنگ کیلئے پنجاب حکومت نے دیگر شہروں کی طرح سرگودھا میں ادارہ قائم کر رکھاہے جو کھٹارہ گاڑیوں کو سڑکوں پر آنے سے روکنے میں انتہائی معاون ثابت ہو سکتا ہے ان تمام تر سہولیات کے باوجود متعلقہ ادارے پبلک ٹرانسپورٹ، ٹرانسپورٹروں کو یہاں چیکنگ کیلئے نہیں بھیجتے، جسکی وجہ سے تمام روٹوں پر غیر محفوظ خستہ حال مسافر گاڑیاں رواں دواں ہیں۔ جو کسی بھی لمحے مسافروں کی جان کو خطرہ باعث بن سکتی ہیں۔ وہیکل انسپکشن ذرائع کا کہنا ہے کہ تمام گاڑیاں کمپیوٹرائزڈ طریقہ سے چیک کرنے کی سہولت ہے۔ جس سے گاڑیوں میں موجود نقائص کو بھی بہتر انداز میں ٹھیک کروانے کی سہولت بنا دی جاتی ہے۔ کروڑوں روپے کی لاگت سے بننے والے اس اہم ادارہ کی سہولت سے اگر بہتر طریقہ سے فائدہ اٹھایا جائے تو بے شمار ٹریفک حادثات پر قابو پا کر انسانی زندگی بچائی جا سکتی ہے۔