کوڑا کرکٹ ، ہسپتال کا فضلہ جلانے کا سلسلہ رک نہ سکا

کوڑا کرکٹ ، ہسپتال کا فضلہ جلانے کا سلسلہ رک نہ سکا

سرگودھا،جوہرآباد(سٹاف رپورٹر ،نمائندہ دنیا )سموگ اور روک تھام کیلئے جاری حکومتی احکامات کے باوجود میونسپل کارپوریشن کے عملہ کی جانب سے کوڑا کرکٹ کو جمع کر کے آگ لگانے کا سلسلہ تھم نہ سکا۔۔۔

جبکہ ڈی ایچ کیوہسپتال جوہرآباد کا آلودہ کچرا بھی ماحولیاتی آلودگی پھیلا رہا ہے ، متعلقہ علاقوں میں صورتحال پر مکینوں نے تشویش کا اظہار کیا ہے ، حکومت نے سموگ کے پیش نظر میونسپل ویسٹ ،فصلوں کی باقیات جلانے پر پابندی عائد کر رکھی ہے مگر اس کے باوجود بلدیاتی ادارے کے ملازمین کی جانب سے بیشتر یونین کونسلوں میں کوڑا کرکٹ اٹھا کر ڈمپنگ پوائنٹ پر لے جانے کے بجائے آگ لگا دی جاتی ہے ، جس کی وجہ مناسب چیک اینڈ بیلنس کا فقدان ہے ، شہریوں نے ڈویژنل و ضلعی انتظامیہ سے معاملہ کا نو ٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔ دریں اثنا خوشاب کی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سموگ کے خاتمہ اور ماحول کو صاف ستھرا رکھنے کے ٹھوس اور واضح احکامات کے باوجود ضلعی دفتر صحت جوہرآباد کے پہلو میں جلایا جانیوالا ڈی ایچ کیو ہسپتال جوہرآباد کا ویسٹ ماحولیاتی آلودگی کا سب بن رہا ہے ۔انفیکشن کنٹرول پروگرام کے تحت مردہ خانے کے سامنے لگائی جانیوالی بھٹی علی الصبح زہریلا دھواں اُگلنے لگتی ہے ، اس بھٹی میں یہ ویسٹ ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتال جوہرآباد سے اٹھا کر ڈالا جاتا ہے جس میں ہسپتال کی تما م آلودگی شامل ہوتی ہے اور اٹھانے کیلئے بھی سپیشل یونیفارم اور دستانے پہننا پڑتے ہیں ، یہ کچراکسی کھلی فضا میں رکھنے کی اجازت نہیں۔ ستم ظریفی یہ ہے کہ محکمہ تحفظ ماحولیات کی تما م توجہ فصلات کی باقیات اور جڑی بوٹیاں جلانے والے کسانوں پر مرکوز ہے لیکن اسے انفیکشن کنڑول پروگرام کے تحت لگائی جانیوالی بھٹی کی چمنی سے نکلنے والا جراثیم آلود کچرے کا دھواں نظر نہیں آتا، جوہرآباد کے سماجی اور عوامی حلقوں نے اس صورتحال پر شدید رد عمل کا ظاہر کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ سے استدعا کی ہے جوہر آباد کی فضا کو آلودگی سے پاک کرنے کیلئے فوری اور موثر اقدانات اٹھائے جائیں۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں