ڈیجیٹل زراعت شماری معلومات کیلئے سنگِ میل ہوگی: کامران
جوہرآباد(نمائندہ دُنیا)پاکستان کی ساتویں ڈیجیٹل زراعت شماری کے سلسلہ میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو)کامران افضل کی زیر صدارت اجلاس کا انعقاد ہوا۔
اجلاس میں محکمہ زراعت کے افسران نے شرکت کی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو)کامران افضل نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈیجیٹل زراعت شماری جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے ملک میں زرعی شعبے کی درست اور جامع معلومات حاصل کرنے میں سنگِ میل ثابت ہوگی۔ یہ شماری یکم جنوری سے 16 فروری 2025 تک جاری رہے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ اس اقدام سے زرعی شعبے کی ترقی، پالیسی سازی، اور کسانوں کی فلاح و بہبود کے لیے بہتر حکمت عملی تیار کی جا سکے گی۔بعدازاں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو)کامران افضل نے فیلڈ آپریشن کا افتتاح کیا۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ سینس کوآرڈینیٹر غلام حیدر اور ادارہ شماریات کے افسر بھی موجود تھے ۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو)نے اس موقع پر ساتویں زراعت شماری کے انعقاد پر تمام محکموں خصوصی طور پر ادارہ شماریات اور صوبائی حکومت کی کاوشوں کا سراہا۔