ڈی سی کمپلیکس کی تعمیر کا منصوبہ سست روی کا شکار
سرگودھا(سٹاف رپورٹر)فنڈ کی عدم فراہمی کے باعث ڈی سی کمپلیکس کی تعمیر کا منصوبہ سست روی کا شکار ہو کر رہ گیا ہے۔
2019 میں ڈی سی کمپلیکس کی تعمیر کے لیے 40 کروڑ کا تخمینہ لگایا گیا تھا بعد ازاں یہ منصوبہ ریوائز کر کے 60 کروڑ پر پہنچ چکا ہے حکومت نے اب تک اس منصوبے کے لیے تقریبا 40فیصد فنڈ جاری کیے ہیں حالیہ بڑھتی ہوئی مہنگائی کی وجہ سے میٹریل مزید مہنگا ہونے کے باعث ٹھیکے دار کو دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ،اورتخمینہ لاگت میں مزید اضافہ کی کوششیں کی جا رہی ہیں، ضلعی حکام کے مطابق منصوبہ آخری مراحل میں ہے فنڈ جاری ہوتے ہی منصوبہ مکمل ہو جائے گا یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ وال اسٹریٹ کمپنی کی طرف سابق ڈی سی دفتر جو کہ ضلع کچہری میں واقع ہے کی تعمیر نو پر بھی کروڑوں روپے کے فنڈز لگائے جا چکے ہیں اور یہ سلسلہ جاری ہے جبکہ ڈی سی آفس کی تکمیل کے بعد ضلع کچہری آفس میں قائم برانچیں بھی نئے دفترمیں منتقل ہو جائیں گی، جس پرپرانے دفتر کی تعمیرنوجہاں قومی خزانے پر اضافی بوجھ بنتی جا رہی ہے وہاں ڈی سی کمپلیکس کی تعمیر میں سست روی اور فنڈز کے اجراء میں تاخیر سوالیہ نشان بن کر رہ گئی ہے ۔