ریونیو واجبات وصولی کے اہداف کو یقینی بنایا جائے ،کمشنر

ریونیو واجبات وصولی کے اہداف کو یقینی بنایا جائے ،کمشنر

سرگودھا(سٹاف رپورٹر) کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان نے چاروں ڈپٹی کمشنروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ سوشیو اکنامک رجسٹری کی رجسٹریشن کا کام تیز کروائیں تاکہ حکومت پنجاب کے رمضان پیکیج سے زیادہ سے زیادہ مستحقین استفادہ کر سکیں۔

 انتظامی افسر اپنے اضلاع میں ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کے صفائی آپریشن کی براہ راست مانیٹرنگ کریں تاکہ ستھرا پنجاب کا خواب حقیقت میں تبدیل ہو سکے ۔ سرکاری اداروں میں زیر التوا این او سیز کو جلدی نمٹایا جائے ، چاروں اضلاع میں انسداد تجاوزات آپریشن اس کی روح کے مطابق جاری رکھا جائے ۔ تمام بازاروں میں یونیفارم شیڈز اور بورڈز لگانے کے ساتھ ریڑھیوں کو سٹریم لائن کیا جائے نیز ریڑھی بازاروں کی تعداد بڑھانے کے اقدامات بھی کیے جائیں۔ یہ احکامات انہوں نے ڈپٹی کمشنرز کے ایک اجلاس میں جاری کیے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنرز طبی مراکز کی ری ویمپنگ کا کام مقررہ مدت کے اندر مکمل کروائیں۔ شہروں کی خوبصورتی پر بھی خاص توجہ دی جائے ۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ وزیراعلی کے عوامی بہبود کے اقدامات کے تمام پہلووں پر نظر رکھیں نیز دیگر انتظامی امور کے ساتھ ریونیو واجبات کے وصولی کے اہداف کو بھی یقینی بنایا جائے ۔ جہانزیب اعوان نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو مزید متحرک کرنے اور مختلف ایجنسیوں سے فیڈ بیک لے کر عوام کو ہر ممکن ریلیف یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کے فعال ہونے سے چاروں اضلاع میں صفائی امور بہتر ہونا شروع ہو جائیں گے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں