عالمی ادارے فلسطین میں قتل عام بندکروائیں :پروفیسرمحبوب الزماں

 عالمی ادارے فلسطین میں قتل عام بندکروائیں :پروفیسرمحبوب الزماں

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی کے رہنماؤں پروفیسرمحبوب الزماں بٹ، یاسراقبال کھاراایڈووکیٹ،میاں طاہرایوب نے کہاہے کہ۔۔۔

حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں اسلام آبادمیں تاریخی غزہ مارچ میں لاکھوں غیور پاکستانی عوام کی شرکت مظوم اہل غزہ کیلئے یکجہتی کا اظہاراور امریکا کیلئے پیغام ہے کہ اسرائیلی سفاکیت کا ساتھ نہ دے ،پاکستانی عوام نے ثابت کردیا ان کے دل مظلوم اہل غزہ کے ساتھ دھڑکتے ہیں،عالمی ادارے فلسطین میں قتل عام بندکروائیں اورجنگ زدہ علاقہ میں امدادی سامان پہنچایا جائے ۔ حکمران امریکی غلامی کی بجائے 25کروڑ عوام کے جذبات کی ترجمانی کریں۔اپنے جاری بیان میں انہوں نے کہاہے کہ ہمارے حکمرانوں نے وہ کردار ادا نہیں کیا جو ان کا دینی فریضہ تھا، دنیا میں ہر طبقہ فکرحتی کہ اداکار بھی غزہ سے اظہار یکجہتی کر رہے ہیں مگر ہمارے حکمران خاموش ہیں، غزہ پر بدستور بمباری جاری ہے ،مسلمان حکمرانوں نے امریکا کی طرف دیکھنا شروع کردیا ، اسلامی دنیا کے حکمران امت کے جذبات کی ترجمانی کی بجائے واشنگٹن کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ 

انہوں نے کہاکہ اہل غزہ و فلسطین کسی مادی سہارے یا مسلم ممالک کی امداد کے بغیر ایک طاقتور، ظالم اور وحشی دشمن کے خلاف جہاد کر رہے ہیں۔جماعت اسلامی کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ ایک جانب دنیا کی ساری باطل قوتیں اور صلیبی و صہیونی فوجیں مہلک اسلحے سے لیس ہیں اور دوسری جانب غزہ کے چند ہزار نہتے مجاہدین ہیں، اب تک ہزاروں شہادتیں ہو چکی ہیں، پورا غزہ ملبے کا ڈھیر بن گیا مگر ان غیرت مند اہل ایمان نے باطل کے سامنے جھکنے سے انکار کر دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن غزہ میں خوراک، ادویات پہنچا رہی ہے اور اب تک ایک ارب سے زیادہ امداد فلسطین پہنچا چکی ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں