بجلی میٹروں کی تبدیلی کے نام پر صارفین سے لوٹ مار

 بجلی میٹروں کی تبدیلی  کے نام پر صارفین سے لوٹ مار

سرگودھا(سٹاف رپورٹر) سرگودھا سرکل میں افسران کی مبینہ ساز باز سے نچلی سطح پر اختیارات کا ناجائز استعمال کر کے میٹروں کی تبدیلی کے نام پر صارفین کی جیبوں سے کروڑوں روپے نکلوا کر ریونیو وصولی کے اہداف اورلائن لائسز پورے کئے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔۔۔

 سائلین کی ایک بڑی تعداد دفا تر میں خوار اور سراپا احتجاج بن کر رہ گئی ہے ، ذرائع کے مطابق روا ں مالی سال کے تحت ریونیو وصولی اورلائن لاسز کو پورا کرنے کیلئے سرگودھا سرکل میں میٹروں کو ڈیفیکٹو ظاہر کر کے صارفین سے لوٹ مار کا ایک بازار گرم ہے ، بالخصوص رورل سرکلز میں یہ کہہ کر پرانے میٹر تبدیل کئے جا رہے ہیں کہ اوپر سے حکم آیا ہے اور اب تک میٹروں کی ایک بڑی تعدادلیبارٹری سے چیک کروائے بغیر ڈیفیکٹو ظاہر کر کے متعلقہ صارفین کو بھاری بلز بھجوائے جا چکے ہیں اور یہ سلسلہ بدستور جاری ہے اگر کوئی صارف اعتراض کرے تو پہلے سے کی گئی پلاننگ کے تحت ایک فارم کے ذریعے کچھ ریلیف دے دیا جاتا ہے ،اس کے باوجود لوگ لاکھوں روپے اضافی دینے پر مجبور ہیں، گزشتہ روز ایکسئن تھرڈ ڈویژن سیٹلائٹ ٹاؤن کے باہر سائلین کی ایک بڑی تعداد نے احتجاج کیا ان کا کہنا تھا کہ قبل ازیں ریڈنگ کی تاریخوں میں ردو بدل کر کے لوٹ مار کی جاتی تھی تاہم اب کی مرتبہ میٹروں کی تبدیلی کے نام پر صارفین کی جیبیں صاف کی جا رہی ہیں،جس صارف کے معمول کے سو یونٹ استعما ل ہوتے ہیں انہیں پانچ سے چھ سو یونٹس کا اضافی بل ڈال کر بھجوایا گیا، ریلیف کے نام پر لائن مین حضرات الگ سے رشوت وصو ل کر رہے ہیں، اور کوئی پوچھنے والا نہیں،ایس ڈی او اور ایکسئن دفاتر کے درمیان تیس ،تیس کلو میٹر کا فاصلہ ہے ایک دستخط کروانے کیلئے یہ ظلم بھی برداشت کرنا پڑتا ہے ، ایس سی، ایکسئن حضرات اس سلسلہ میں کسی بھی نہیں سنتے ،او ر لوگوں کو بلا وجہ دفاتر میں ذلیل کیا جا رہا ہے ، شہریوں نے وفاقی حکومت اور وفاقی محتسب سرگودھا ریجن سے فوری نوٹس لے کر حالیہ دو ماہ میں تبدیل کئے گئے میٹروں کا ریکارڈ منگوانے اور ذمہ داروں کے خلاف سخت ایکشن لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں