نوجوانوں میں نفسیاتی بیماریاں، پاگل پن کی علامات آئس نشہ نے خطرے کی گھنٹی بجادی

سرگودھا(سٹاف رپورٹر)سرگودھا سمیت ریجن بھر میں نشہ کا شکار بنانے والی دیگر اشیاء کے ساتھ آئس کا بڑھتا ہوا رجحان کسی خطرہ کی گھنٹی سے کم نہیں۔۔۔
آئس جو کہ میتھم فیٹامین کی ایک کرسٹل شکل ہے انتہائی نشہ آور اور طاقتور ہے اور افسوس کا مقام ہے کہ یہ نشہ نوجوان پاکستانیوں میں خاص طور پر شہری علاقوں میں تیزی سے پھیل رہا ہے ، اس کے نشہ کی وجہ سے نوجوانوں میں نفیساتی عوارض اور پاگل پن کی کیفیت بحیثیت قوم ہمارے لئے لمحہ فکریہ ہے ، اورباعث تشویش امر یہ بھی ہے کہ آئس کی لت کے بارے میں آگاہی اور تعلیم کی کمی نے اس مسئلہ کو حل کرنا مشکل بنا دیا ہے جس کی وجہ سے بہت سے نوجوان آئس کے شکنجے میں جکڑے ہوئے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ جرائم اور صحت کے مسائل میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے ، ماہرین نفسیات کاکہنا ہے کہ نشہ کی بیماری ایک معاشرتی روگ کی طرح بڑھتی جا رہی ہے جس نے نسل نو کو اپنی لپیٹ میں لے کر ان صلاحیتوں کو مفلوج کرکے رکھ دیا ہے اور ہمارے آج کے نوجوان جنہوں نے آنے والے کل میں ملک کی باگ دوڑ سنبھالنی ہے اس کا شکار ہو کر پستیوں کا رزق بن رہے ہیں، اس حوالہ سے عوام میں شعور کی بیداری ناگزیر ہے اور اس سنگین صورتحال سے نمٹنے کے لئے حکومت اور سول سوسائٹی کو مشترکہ اقدامات کرنا ہونگے کہ ہم ایک صحت مند معاشرہ کو فروغ دے کر ملک و قوم کا مستقبل محفوظ بنا سکیں۔