موبائل کلینک: عملہ غیرحاضر، بوگس انٹریوں کا انکشاف

سرگودھا(سٹاف رپورٹر)ہیلتھ اتھارٹی سرگودھا کی مجرمانہ غفلت کے باعث وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کاموبائل وہیکل کلینک پروگرام افادیت پیدا نہیں کر سکا اور خزانے پر اضافی بوجھ بننے لگا ہے۔۔۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ روز ڈویژنل و ضلعی انتظامیہ کو سرویلنس رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ موبائل وہیکل کلینک پروگرام کے تحت جن علاقوں میں ٹیمیں جاتی ہیں ان میں اکثر میڈیکل آفیسر تو کبھی ویکسی نیٹر یا دیگر سٹاف غیر حاضر پائے گئے ، بعض علاقوں/ جگہوں کی چیکنگ کے دوران یہ بات بھی سامنے آئی کہ چیک ہونیوالے مریضوں کا اندراج موقع پر نہیں کیا جاتا اور دفاتر میں بیٹھ کر کاغذی کاروائیاں کی جاتی ہیں، رپورٹ میں بوگس انٹریوں کے اندراج کی بھی واضح نشاندہی کی گئی جو کہ باعث تشویش امر ہے ،جبکہ حکومت اس پروگرام کو فعال کرنے کیلئے خطیر فنڈز اور وسائل خرچ کر رہی ہے ،فیلڈ میں ہیلتھ اتھارٹی کی جانب سے کوئی چیک اینڈ بیلنس نہیں، افسران دفاتر میں بیٹھ کر ہی وزٹ کی کاروائیاں کر کے اخراجات پورے کرنے میں مصروف ہیں، جبکہ موبائل وہیکل کلینک کا یہ پروگرام روایتی ہٹ دھرمی اور عدم توجہی کی نظر ہو کر اپنی افادیت پیدا نہیں پا رہا، رپورٹ میں اعلیٰ حکام کو فوری نوٹس لے کر مناسب اقدامات اٹھانے اور چیک اینڈ بیلنس بڑھا کر مذکورپروگرام کو فعال کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈپٹی کمشنر نے سی او ہیلتھ سے اس سلسلہ میں جواب طلب کر لیا ہے تاہم ہیلتھ اتھارٹی سب اچھا کا راگ الاپنے اور مذکورہ حقائق چھپاکر ذمہ داروں کو بچانے میں مصروف ہو گئی ہے ۔