بچوں کیلئے حفاظتی ٹیکہ جات کی خصوصی مہم کا آغاز

سرگودھا(سٹاف رپورٹر) ضلع سرگودہا میں بچوں کو مہلک بیماریوں سے بچانے کے لیے حفاظتی ٹیکہ جات کی خصوصی مہم کا آغاز کر دیا گیا۔۔
،افتتاح ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم نے کیا۔ اس موقع پر سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر سارہ صفدر محکمہ صحت کے اعلیٰ افسران، ضلعی ویکسی نیشن کوآرڈینیٹرز، اور مختلف اداروں کے نمائندگان بھی موجود تھے ۔ یہ مہم 15 جولائی تک جاری رہے گی اور اس دوران پانچ سال تک کے بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگائے جائیں گے ۔ مہم کا مقصد ایسے بچوں کو ویکسین فراہم کرنا ہے جو کسی وجہ سے پہلے ویکسینیشن سے محروم رہ گئے تھے ۔ اس کے ساتھ ہی ان بچوں کو بھی ویکسینیشن دی جائے گی جنہیں معمول کی ویکسینیشن کے دوران نظرانداز کیا گیا۔ ضلع بھر میں یہ مہم کامیابی سے جاری رکھنے کے لیے مختلف ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، مہم کے دوران 9 ہزار پانچ سو بچوں کو ویکسین دی جائے گی۔ ان بچوں میں وہ بچے بھی شامل ہیں جو 0 سے 23 ماہ اور 24 سے 59 ماہ کی عمر کے ہیں اور جنہیں حفاظتی ٹیکے لگانے کی ضرورت ہے ۔ ڈپٹی کمشنر نے والدین سے درخواست کی کہ وہ اپنے بچوں کو بیماریوں سے بچانے کے لیے اس مہم میں بھرپور تعاون کریں ۔