آوارہ کتوں کی بھرمار ،بچوں کو کاٹنے کے متعدد واقعات

حیدرآباد تھل(نمائندہ دنیا )شہر اور نواحی علاقہ جات میں آوارہ کتوں کی بھرمار ہو گئی ، بچوں کو کاٹنے کے متعدد واقعات رونما ہونے کے باوجود تحصیل و ضلعی انتظامیہ کتا مار مہم شروع نہ کر سکی۔۔۔
تفصیلات کے مطابق حیدرآباد تھل شہر اور گردو نواح کے علاقوں میں آوارہ ، خارش زدہ اور بیمار کتوں کی بہتات نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا کر رکھ دی، شہر بھر کے چوک چوراہے آوارہ کتوں کا مسکن بن گئے جبکہ بازاروں اور میں جھنگ بھکر روڈ ، لڈا روڈ چھمب روڈ ،ماہنی روڈ پر رات کے اوقات میں آوارہ کتے ٹولیوں کی شکل میں گھوم رہے ہوتے ہیں جہاں شہریوں کا گزرنا محال ہو چکا ہے ، جبکہ آوارہ کتوں کے یہ گروہ متعدد شہریوں کو کاٹ بھی چکے ہیں، معمر افراد،بچوں اور خواتین کا گھروں سے نکلنا محال ہو گیا، شہریوں کی آمد و رفت کے تمام راستوں اور ہوٹلوں، ریستورانوں، پیزا شاپس اور گوشت کی دکانوں کے باہر سمیت ہر جگہ آوارہ کتے دندناتے پھر رہے ہیں ۔ ان کتوں کے کاٹنے سے بچوں سمیت متعدد افراد زخمی بھی ہوچکے جس کی وجہ سے سکول کے بچوں کی زندگیوں کو شدید خطرات لاحق ہیں، شہریوں نے تحصیل و ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ آوارہ کتوں کی تلفی یقینی بنانے کیلئے فی الفور کتا مار مہم شروع کی جائے ۔