بینظیر انکم سپورٹ کی رقم ہتھیانے والے 3ریٹیلرز ،ٹائوٹ گرفتار

سرگودھا(سٹاف رپورٹر)بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی رقم لوٹنے والے ریٹیلرز کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا گیا۔۔۔
تفصیلا ت کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر سرگودھا سید اسد عباس شیرازی نے 49 ٹیل پر اچانک چھاپہ مار کر بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی رقوم میں بدعنوانی کرنے والے ریٹیلرز کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔ گرفتار ہونے والے ریٹیلرز مستحق خواتین سے فی کس 1500 روپے کی غیرقانونی کٹوتی کر رہے تھے ۔چھاپے کے دوران درجنوں خواتین کی لوٹی گئی رقم موقع پر ہی واپس دلوائی گئی۔ اسسٹنٹ کمشنر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کرپٹ ریٹیلرز اور ٹاؤٹ مافیا کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور کسی کو بھی مستحقین کی امدادی رقوم لوٹنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔انہوں نے مزید بتایا کہ تین ریٹیلرز کو ایک ٹاؤٹ سمیت گرفتار کیا جا چکا ہے جبکہ ان کے زیرِ استعمال ڈیوائسز کو بھی ڈی ایکٹیویٹ کروایا جا رہا ہے تاکہ آئندہ ایسی کارروائیوں کی روک تھام ممکن ہو سکے ۔