دریائوں،نہروں میں نہانے پر پابندی ٹھس،سخت نوٹس، والدین کیخلاف کاروائی کا حکم

سرگودھا(سٹاف رپورٹر)ڈپٹی کمشنر سرگودھا کیپٹن (ر) محمد وسیم نے دریاؤں، نہروں و دیگر آبی مقامات پر نہانے پر عائد پابندی کی خلاف ورزی پر سخت نوٹس لیتے ہوئے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ۔۔۔
ایسے افراد کے خلاف دفعہ 144 ضابطہ فوجداری کے تحت فوری کارروائی عمل میں لائی جائے ،ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ گرم موسم کے پیش نظر عوام الناس خصوصاً کم سن بچوں کا نہروں اور دریاؤں میں نہانا خطرناک اور جان لیوا ثابت ہو رہا ہے ۔ حالیہ دنوں میں ڈوبنے کے متعدد افسوسناک واقعات پیش آئے ہیں جن کی روک تھام ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے ،انہوں نے واضح طور پر ہدایت کی کہ پولیس ایسے بچوں کے والدین کے خلاف بھی مؤثر قانونی کارروائی کرے جو اپنے بچوں کو نہروں یا دریاؤں پر نہانے کی اجازت دیتے ہیں یا ان کی نگرانی نہیں کرتے ۔ انہوں نے کہا کہ والدین کی غفلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی،ڈپٹی کمشنر نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز، متعلقہ تھانوں کے ایس ایچ اوز اور ریسکیو اداروں کو ہدایت دی ہے کہ نہروں اور دریاؤں کے کنارے موثر نگرانی کو یقینی بنائیں اور پابندی کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے ،عوام الناس سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ اپنی اور اپنے بچوں کی قیمتی جانوں کی حفاظت کے پیش نظر دریا، نہروں یا دیگر خطرناک مقامات پر نہانے سے گریز کریں اور ضلعی انتظامیہ سے تعاون کریں۔