ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او میانوالی کا کالاباغ کا دورہ

کالاباغ،میانوالی (نمائندہ دنیا ،نامہ نگار، ڈسٹرکٹ رپورٹر) ڈپٹی کمشنر خالد جاوید گورائیہ اور ڈی پی او کیپٹن ریٹائرڈ رائے محمد اجمل نے گزشتہ روز کالاباغ شہر کا دورہ کیا۔۔۔
محرم الحرام کے جلوس کے روٹس کا تفصیلی معائنہ کیا اور سیکورٹی و انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر عیسیٰ خیل غلام مرتضی، محکمہ پولیس، میونسپل کمیٹی اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران موجود تھے ۔ ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو جلوس کے روٹس پر صفائی ستھرائی اور تمام ضروری انتظامات بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کی جبکہ ڈی پی او نے پولیس افسران کو مجالس و جلوس کے راستوں پر سیکورٹی کے فول پروف انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کی ۔بعد ازاں ڈپٹی کمشنر خالد جاوید گورائیہ اور ڈی پی او نے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کالاباغ کا دورہ بھی کیا ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا، مریضوں کی عیادت کی، عملہ کی حاضری کو چیک کیا، صفائی ستھرائی کے نظام اور طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔ انھوں نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں بروقت ریسپانس کیلئے ہسپتال میں تمام ضروری ادویات، عملہ اور طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے ۔