ٹرکوں کی باڈیاں بنانے،سلنڈر لگانے والی ورکشاپس کیخلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ

ٹرکوں کی باڈیاں بنانے،سلنڈر لگانے والی ورکشاپس کیخلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ

سرگودھا(سٹاف رپورٹر)ضلع میں مقامی سطح پر ڈمپر ٹرکوں کی باڈیاں بنانے اور فٹنگ کے ساتھ ساتھ پبلک ٹرانسپورٹ میں سلنڈر نصب کرنیوالی غیر قانونی ورکشا پس کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کی تیاریا ں مکمل کر لی گئیں۔

ذرائع کے مطابق ڈمپر ٹرکوں کے حادثات کی روشنی میں جانچ پڑتال کے بعد ٹیکنکل ٹیم کی طرف سے نشاندہی کی گئی تھی کہ ایس او پی کے بغیر ڈمپر ٹرکوں کی بناوٹ میں نہ صرف قوائد و ضوابط کی دھجیاں بکھیری جا رہی ہیں بلکہ ان کی رجسٹریشن کے معاملات بھی مشکوک ہیں، اسی طرح پبلک ٹرانسپورٹ میں ایل پی جی سلنڈرز نصب کرنے پر عائد پابندی کے باوجود یہ غیر قانونی دھندہ بھی بدستور جاری ہے ، اس حوالے سے ڈی پی او صہیب اشرف کی جانب سے تشکیل کر دہ مشترکہ جائنٹ انسپکشن ٹیم نے ضلع کے مختلف علاقوں میں خفیہ چیکنگ کے دوران ایسی درجنوں ورکشا پس کا پتا چلایا ہے جہاں مذکورہ دونوں غیر قانونی کام دھڑلے سے کئے جا رہے ہیں ، جائنٹ انسپکشن رپورٹ گزشتہ رو ز ڈی پی او نے ڈپٹی کمشنر کو ارسال کر دی ہے جس میں ورکشا پ مالکان کے کوائف اور مکمل تفصیلات بھی بھجوائی گئی ہیں تاکہ قوائد ضوابط کے مطابق سول ایڈمنسٹریشن اور پولیس مشترکہ طور پر غیر قانونی دھندوں کی روک تھام کیلئے خصوصی آپریشن کریں، ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک دوروز میں آپریشن متوقع ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں