خواجہ سلمان کا زیر تعمیر نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا دورہ
سرگودھا(سٹاف رپورٹر)صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے بدھ کے روز زیر تعمیر نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا دورہ کیا اور منصوبے پر جاری پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا۔
صوبائی وزیر نے حال ہی میں مکمل ہونے والی او پی ڈی، ای سی جی، ایکو کارڈیوگرافی، ای ٹی ٹی، ہولٹر مانیٹرنگ، اور لیبارٹری ٹیسٹ کے شعبہ جات کا دورہ کیا اور وہاں موجود طبی سہولیات کا تفصیلی معائنہ کیا۔ انہوں نے او پی ڈی میں موجود مریضوں سے ملاقات کر کے فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں براہ راست معلومات حاصل کیں۔اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویڑن کے مطابق عوام تک صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی ایک اسٹیٹ آف دی آرٹ ادارہ ہو گا، یہ ادارہ دسمبر 2025 تک مکمل طور پر فعال ہو جائے گا۔ بعد ازاں، کمیٹی روم میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس بھی منعقد ہوا، جس میں منصوبے کی موجودہ صورتحال، آئندہ کے مراحل، اور مریض کے اسپتال میں داخلے سے لے کر علاج اور واپسی تک کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔