موسلادھار بارش انتظامیہ فوری متحرک ہو گئی ،ڈپٹی کمشنر کے دورے
سرگودھا(سٹاف رپورٹر)شہر میں جمعرات کی الصبح ہونے والی موسلادھار بارش کے بعد انتظامیہ فوری طور پر متحرک ہو گئی کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان نے تمام متعلقہ انتظامی افسران کو ہنگامی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ۔۔۔
وہ اپنے اپنے نامزد علاقوں میں پہنچیں اور شہریوں کو درپیش مسائل کو فوری طور پر حل کیا جائے ،ادھر ڈپٹی کمشنر سرگودہا کیپٹن (ر) محمد وسیم نے بارش کے فوراً بعد شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور ڈسپوزل اسٹیشنز سمیت نکاسی آب کے تمام انتظامات کا موقع پر جا کر تفصیلی جائزہ لیا۔ سی او ایم سی ماجد بن احمد بھی اس موقع پر ان کے ہمراہ تھے ۔ ڈپٹی کمشنر نے نکاسی آب کے لیے بھرپور آپریشن شروع کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ میونسپل کارپوریشن کی تمام مشینری، سکر مشینیں، ڈی واٹرنگ سیٹس اور افرادی قوت کو مکمل طور پر متحرک کر دیا گیا ہے ۔ نشیبی علاقوں میں پانی کی فوری نکاسی کو یقینی بنانے کے لیے ٹیمیں مسلسل متحرک ہیں، جبکہ شہر کی مرکزی شاہراہوں پر بھی نکاسی آب کا کام تیز رفتاری سے جاری ہے تاکہ ٹریفک کی روانی بحال رکھی جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کی سہولت اور معمولات زندگی کی جلد بحالی کے لیے ضلعی انتظامیہ ہر ممکن اقدام کر رہی ہے ۔ جب تک تمام بارشی پانی کی نکاسی مکمل نہیں ہو جاتی، آپریشن بلا تعطل جاری رہے گا۔ تمام انتظامی و میونسپل افسران اور فیلڈ اسٹاف فیلڈ میں موجود رہیں گے ۔ ڈپٹی کمشنر نے فیسکو حکام کو بھی ہدایت جاری کی ہے کہ ڈسپوزل سٹیشنز پر بجلی کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ نکاسی آب کے عمل میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ آئے ۔