قابضین سے سرکاری اراضی واگزار کرانے کا عمل جاری
قبضہ مافیا برسوں سے سرکاری زمین پر قابض ،بقایا جات بھی لے رہےواگزار زمین کو تحصیل کنٹرول لینڈ کی فہرست میں شامل کر لیا گیا،عشنہ طاہر
بھیرہ (نامہ نگار)اسسٹنٹ کمشنر عشنہ طاہر نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق تحصیل بھر میں ناجائز قابضین سے سرکاری اراضی واگزار کرانے کا عمل تیزی سے جاری ہے ۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر سرگودھا کی ہدایت پر تحصیلدار بھیرہ رانا قمر عباس کو ضروری احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ قبضہ مافیا کم قیمت سالانہ لیز کا ایک چوتھائی حصہ جمع کروا کر برسوں سے سرکاری زمین پر قابض تھا۔ حکومتی احکامات کے مطابق ایسے قابضین سے نہ صرف سرکاری اراضی واگزار کرائی جا رہی ہے بلکہ ان سے سابقہ بقایاجات کی وصولی بھی عمل میں لائی جائے گی تحصیلدار بھیرہ رانا قمر عباس کے مطابق مختلف مواضعات میں پولیس اور پیرا فورس کی مدد سے اب تک 90 کنال 10 مرلہ سرکاری اراضی واگزار کرائی جا چکی ہے ۔ واگزار شدہ زمین کو تحصیل کنٹرول لینڈ کی فہرست میں شامل کر لیا گیا ہے ، جس کی شفاف طریقے سے نیلامی کی جائے گی۔