قتل کر کے ایران فرار 2ملزم انٹرپول کی مدد سے گر فتار
سرگودھا(سٹاف رپورٹر)چار سال قبل قتل کر کے فرار ہونے والے 2ملزموں کو بیرون ملک سے انٹرپول کے ذریعہ گرفتار کر لیا گیا۔
حسن جلیل اور فخر عباس تھانہ بھیرہ کو مطلوب تھے ملزموں نے اکتوبر 2021 میں حماد علی رضا کو اغواء کرکے قتل کر دیا تھا اور بیرون ملک فرار ہو گئے تھے اور پولیس کو چار سال سے مطلوب تھے ، قتل میں شامل دیگر دو ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا تھا جن کو عدالت سے سزائے موت کا حکم سنایا جا چکا ہے ۔ سپیشل آپریشنز سیل کی ٹیم نے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے ملزمان کو ٹریس کیا اور قانونی تقاضے مکمل کرنے کے بعد بذریعہ انٹرپول ایران سے گرفتار کیا۔ آر پی او محمد شہزاد آصف خان کا کہنا تھا کہ آئی جی پنجاب کی ہدایات پر بیرون ملک فرار تمام اشتہاریوں کی گرفتاری کے لیے مربوط اورموثر کارروائیاں جاری ہیں۔