شہروں اور دیہات کی نئی حلقہ بندیاں جلد شروع:اجمل منیر
میونسپل کمیٹی شاہ پور صدر کی حدود میں آبادی کے تناسب سے اضافہ کی امیدہے
شاہ پور صدر (نامہ نگار) اسسٹنٹ کمشنر کی نگرانی میں شہروں اور دیہات کی نئی حلقہ بندیوں کا عمل جلد شروع ہونے جا رہا ہے ۔ اس بات کا انکشاف اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ چوہدری اجمل منیر نے خصوصی گفتگو کے دوران کیا۔انہوں نے بتایا کہ صوبائی وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں پنجاب بھر میں آبادی کو مدنظر رکھتے ہوئے نئی حلقہ بندیاں کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ ہر تحصیل میں متعدد ٹاؤن کمیٹیاں اور یونین کونسلیں قائم کی جائیں گی جبکہ آمدن میں اضافے کے لیے موجودہ میونسپل کمیٹیوں کی حدود میں توسیع کی جائے گی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 25 ہزار سے زائد آبادی والے قصبات کو ٹاؤن کمیٹی کا درجہ دیا جائے گا، جبکہ اسسٹنٹ کمشنرز کو تحصیل ڈیمارکیشن آفیسر مقرر کیا گیا ہے۔ نئے لوکل گورنمنٹ ایکٹ کے تحت پہلی مرتبہ ٹاؤن کارپوریشنز اور تحصیل کونسلز بھی قائم ہوں گی، جس سے مقامی سطح پر مسائل کے حل اور فنڈز کی براہ راست منتقلی ممکن ہو سکے گی۔چوہدری اجمل منیر نے امید ظاہر کی کہ آبادی میں اضافے کے باعث میونسپل کمیٹی شاہ پور صدر کی حدود میں اضافہ کیا جائے گا، جبکہ شاہ پور شہر اور جھاوریاں کو ٹاؤن کمیٹی کا درجہ ملنے کا بھی امکان ہے ۔