مریم نواز ہیلتھ کلینک چک نمبر 74 جنوبی خستہ حالی کا شکار

مریم نواز ہیلتھ کلینک چک نمبر 74 جنوبی خستہ حالی کا شکار

بلڈنگ اور چار دیواری ٹوٹ پھوٹ کا شکار، کئی حصے گرنے کے قریب ہیں مریضوں اور عملے کی سلامتی کو شدید خطرات لاحق ہیں ،نوٹس لینے کا مطالبہ

بھاگٹانوالہ (نمائندہ دنیا )مریم نواز ہیلتھ کلینک چک نمبر 74 جنوبی خستہ حالی کا شکار ہو چکا ہے ، جہاں بلڈنگ اور چار دیواری شدید ٹوٹ پھوٹ کا منظر پیش کر رہی ہیں۔ دیواروں میں دراڑیں پڑ چکی ہیں جبکہ کئی حصے گرنے کے قریب ہیں، جس سے مریضوں اور عملے کی سلامتی کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ذرائع کے مطابق چار دیواری نہ ہونے یا بوسیدہ ہونے کے باعث خواتین اسٹاف کو بے پردگی میں ڈیوٹی سرانجام دینا پڑ رہی ہے ، جو نہ صرف اخلاقی اور سماجی اقدار کے منافی ہے بلکہ خواتین عملے کے لیے ذہنی اذیت کا سبب بھی بن رہا ہے ۔ مقامی شہریوں اور مریضوں نے صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومتِ پنجاب کے صحت عامہ پروگرام کے تحت قائم اس اہم کلینک کی حالت زار لمحہ فکریہ ہے ۔عوامی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ حکامِ بالا فوری نوٹس لیتے ہوئے مریم نواز ہیلتھ کلینک چک 74 جنوبی کی بلڈنگ اور چار دیواری کی ازسرِنو تعمیر کروائیں، تاکہ خواتین اسٹاف کو باوقار اور محفوظ ماحول میسر آ سکے۔ اور مریضوں کو بہتر طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں