رمضان نگہبان میں کٹوتیاں،کمشنر سے رپورٹ طلب
زیادہ تر ریٹیلرز طے شدہ کمیشن کے علاوہ بھی اپنی من مرضی کی کٹوتی کرتے ، مافیا نے حکومتی پروگراموں کے تحت امداد کی تقسیم کے عمل کو ہائی جیک کر رکھا 2ہزار سے 3 ہزار روپے تک کٹوتی معمول بنی ہوئی ہے ،کوئی پوچھنے والا نہیں، ریکارڈ چیک کرنے کیلئے الگ سے دو یا پانچ سو روپے وصول کئے جاتے ، ذرائع
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) صوبائی حکومت نے رمضان نگہبان،بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت ملنے والی امداد میں غیر قانونی کٹوتیوں اورمستحقین کو ذلیل و خوار کرنے کے انکشاف پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کمشنر سرگودھا کو فوری کاروائی کر کے عملدرآمد کی رپورٹ ارسال کرنے کے احکامات جاری کر دیئے ، ذرائع کے مطابق صوبائی حکام کے علم میں آیا ہے کہ ایک مافیا نے حکومتی پروگراموں کے تحت امداد کی تقسیم کے عمل کو ہائی جیک کر رکھا ہے ، زیادہ تر ریٹیلرز طے شدہ کمیشن کے علاوہ بھی اپنی من مرضی کی کٹوتی کر کے سائلین کو ذلیل و خوار کر رہے ہیں، اور انہوں نے اپنے ہی ریٹ مقرر کر رکھے ہیں ساڑھے 12ہزاریا ساڑھے 14ہزار روپے کی ادائیگی پر 2ہزار سے 3 ہزار روپے تک کٹوتی معمول بنی ہوئی ہے جس کا کوئی پوچھنے والا نہیں،یہی نہیں ریکارڈ چیک کرنے کیلئے الگ سے دو یا پانچ سو روپے وصول کئے جاتے ہیں، یہ بھی انکشاف ہوا کہ بعض بینکوں کے افسران بھی اپنے ٹاؤٹس کے ذریعے بہتی گنگا میں ہاتھ دھونے میں مصروف ہیں، اس پروگرام کے حوالے سے سرگودھا ضلع کی کرپشن اور ماہانہ غیر قانونی کٹوتی کا اندازہ لگ بھگ 11کروڑ روپے سے زائد لگایا گیا،رقوم کی تقسیم کا عمل انتہائی بد نظمی کا شکار رہتا ہے جہاں سائلین کو کسی قسم کی سہولت فراہم نہیں کی جاتی ، ریٹیلرز کا رویہ بھی انتہائی نامناسب ہوتا ہے سفارشیوں کے کارڈز فوری چیک ہو جاتے ہیں جبکہ عام سائلین گھنٹوں انتظار کی کوفت اٹھانے اور رشوت دینے پر مجبور ہیں، اور باعث تشویش امر یہ ہے کہ حالیہ رمضان المبارک کے دوران غیر قانونی کٹوتیوں کے حوالے سے لگ بھگ ڈیڑھ درجن سے زائد مقدمات کا اندراج بھی عمل میں لایا گیا ہے مگر ان پر کوئی عملی پیش رفت نہیں، یہ قانونی کاروائیاں صرف توجہ ہٹانے اور ریکارڈ میں سب اچھا کا راگ الاپنے میں مدد گار ثابت ہو رہی ہیں جس پر صوبائی حکومت کی طرف سے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کمشنر سرگودھا کو ہدایت کی ہے کہ وہ ذمہ داروں کے خلاف فوری ایکشن لینے کے ساتھ ساتھ دی گئی گائیڈ لائن کے مطابق پروگرام پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں۔